فٹبال ٹیم کے ساتھ لنگڑا کھلاڑی بھی جاپان پہنچ گیا، قائمہ کمیٹی میں انکشاف

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اورسیز پاکستانیز کے اجلاس میں ڈی جی ایف آئی نے بریفنگ دی۔
شائع 17 دسمبر 2025 05:04pm

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اوورسیز پاکستانیز کے اجلاس میں جعلی فٹ بال کلب کے ذریعے بیرونِ ملک افراد بھیجنے سے متعلق ایک انکشاف سامنے آ گیا۔

ڈی جی ایف آئی اے نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایک جعلی فٹ بال کلب نے فٹ بال ٹیم کو جاپان بھیجا، جس میں ایک معذور (لنگڑا) شخص بھی شامل تھا۔

ڈی جی ایف آئی اے کے مطابق تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ جعلی کلب 2022 میں بھی فٹ بال ٹیم کے نام پر افراد کو جاپان بھجوا چکا ہے۔ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

یاد رہے کہ رواں برس ستمبر میں ایف آئی اے گوجرانوالہ نے انسانی اسمگلنگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ ایجنٹ وقاص علی کو گرفتار کیا تھا، جس نے جعلی دستاویزات کے ذریعے 17 افراد کو فٹ بال ٹیم ظاہر کر کے جاپان بھجوایا تھا۔

حکام کے مطابق ملزم نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کا جعلی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ اور وزارتِ خارجہ کا جعلی این او سی استعمال کیا تھا اور ہر فرد سے 40 سے 45 لاکھ روپے وصول کیے تھے۔

چیئرمین کمیٹی آغا رفیع اللہ کی سربراہی میں قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں ڈی جی ایف آئی اے اور سیکرٹری اوورسیز نے بیرون ملک جانے والے پاکستانی شہریوں، ڈی پورٹ ہونے والے افراد کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی۔

ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار راجا نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مجموعی طور پر 56 ہزار پاکستانیوں کو بھیک مانگنے کے باعث سعودی عرب سے ڈی پورٹ کیا جاچکا ہے۔

overseas Pakistanis

National Assembly

Japan

Standing committee

Fake documents

Human Smuggling

FIA Investigation

Illegal Migration

Fake Football Club