کراچی: 3 خواتین کے قتل کا معاملہ، ملزمان نے کتنی رقم ادھار لے رکھی تھی؟
کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک ون میں ماں، بیٹی اور بہو کے قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، آج نیوز نے گھر کے سربراہ ملزم اقبال اور اس کے بیٹے یاسین کے ادھار کا تمام ریکارڈ حاصل کرلیا، جس کے مطابق ملزمان نے کئی لوگوں سے 2 کروڑ سے زائد رقم ادھار لے رکھی تھی۔
کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں ماں، بیٹی اور بہو کے قتل کی تفتیش میں نئے انکشافات سامنے آ گئے۔ آج نیوز نے ملزم اقبال اور یاسین کے مالی لین دین کے مکمل ریکارڈ تک رسائی حاصل کر لی۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزم یاسین کی 2 شادیاں تھیں، پہلی بیوی کو طلاق دی گئی جب کہ دوسری بیوی ماہا کو زہر دے کر قتل کیا گیا۔ تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ طلاق یافتہ بیوی کے نام پر 2 گاڑیاں بھی موجود تھیں۔
تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ ملزم اقبال اور یاسین نے پولیس اہلکاروں، وکلا اور تاجروں سے 2 کروڑ روپے سے زائد رقم ادھار لے رکھی تھی جب کہ پرچے میں سیکیورٹی ادارے کے اہلکار کا بھی نام درج ہے۔
کراچی: فلیٹ سے خواتین کی لاشیں ملنے کا معاملہ، باپ بیٹے نے اعتراف جرم کرلیا
گلشن معمار کے اویس سے 75 لاکھ روپے قرض لے رکھا تھا، عبید سے 60 لاکھ روپے وصول کر رکھے تھے، اعجاز ولی اور سلیم سے 25 لاکھ روپے لیے گئے تھے۔ اس کے علاوہ حامد سے 18 لاکھ روپے کی رقم بھی ادھار لی گئی تھی، متین سے 11 لاکھ روپے اور سمیر سے 16 لاکھ روپے لیے گئے تھے جب کہ نور نامی پولیس اہلکار سے 2 لاکھ 40 ہزار روپے لیے گئے تھے۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق علی عطاری، وہاب اور عبدالقادر کے ملزمان سے تعلقات بھی زیر تفتیش ہیں، کفن دفن کے انتظامات کے لیے علی عطاری کو مخاطب کیا، علی عطاری کالا پل کے قریب عملیات کے پیشے سے وابستہ ہے۔ عملیات کے پیشے سے وابستہ یہ شخص آخر کون ہے پولیس نے مزید کھوج لگانا شروع کردیا۔
دوسری جانب پولیس نے واقعے سے متعلق تمام افراد سے پوچھ گچھ کا فیصلہ کیا ہے۔ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔
کراچی: تین خواتین کی لاشیں ملنے کا واقعہ، مقتول کا آخری خط سامنے آگیا
یاد رہے کہ چند روز قبل کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں واقع فلیٹ سے 3 خواتین کی لاشیں ملی تھیں جب کہ ایک شخص نیم بے ہوشی کی حالت میں بھی ملا تھا، مرنے والی تینوں خواتین ماں، بیٹی اور بہو تھیں۔
پولیس نے معاملہ مشکوک ہونے پر گھر کے سربراہ محمد اقبال اور اسپتال میں زیر علاج بیٹے یاسین کو حراست میں لیا تھا اور دونوں سے تفتیش کی جا رہی تھی۔













