آٹھ گھنٹے سونا لازمی نہیں، اپنے لیے ضروری نیند کا دورانیہ کیسے جانیں؟

کچھ لوگ صرف 5 سے 6 گھنٹے کی نیند میں بھی بہترین کارکردگی دکھاتے ہیں۔
شائع 09 دسمبر 2025 03:18pm

عام طور پر یہ مشورہ دیا جاتا ہے کہ بالغ افراد روزانہ سات سے نو گھنٹے نیند لیں، لیکن نیند کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ہر شخص کی نیند کی ضرورت مختلف ہوتی ہے۔

مصروف زندگی اور بڑھتے ہوئے کام کے بوجھ کے درمیان اکثر لوگ مناسب نیند نہیں لے پاتے، اور یہی وجہ ہے کہ نیند کے مسائل عام ہوتے جارہے ہیں۔

سی این این کی ایک رپورٹ کے مطابق بوسٹن کے سینٹر فار سلیپ اینڈ کوگنیشن کے ڈائریکٹر اور ہارورڈ میڈیکل اسکول کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر ٹونی کننگھم کے مطابق ’’صرف نیند کے گھنٹوں پر توجہ دینا کافی نہیں، نیند کا معیار زیادہ اہم ہے۔‘‘

کچھ لوگوں کیلئے صرف 4 گھنٹے کی نیند بھی کیسے کافی ہوتی ہے؟

ڈاکٹر کننگھم کے مطابق جسم میں دو چیزیں نیند کو کنٹرول کرتی ہیں:

سلیپ پریشر : جتنی دیر آپ جاگتے رہیں، نیند کا دباؤ بڑھتا جاتا ہے۔

سرکیڈین ردھم : جسم کی اپنی گھڑی جو سونے اور جاگنے کے سگنلز بھیجتی ہے۔

اگر یہ دونوں ایک ساتھ کام نہ کریں تو نیند کا معیار متاثر ہوتا ہے، چاہے آپ کتنے ہی گھنٹے کیوں نہ سو لیں۔

ماہر کے مطابق کچھ لوگ صرف 5 سے 6 گھنٹے کی نیند میں بھی بہترین کارکردگی دکھاتے ہیں، جبکہ کچھ لوگوں کو 9 سے 11 گھنٹے تک نیند کی ضرورت ہوتی ہے۔ سات سے نو گھنٹے کی ہدایت کوئی لازمی قانون نہیں۔

ڈاکٹر کننگھم نے بہتر نیند کے لیے ایک آسان طریقہ بتایا ہے۔

مستقل سونے کا وقت مقرر کریں

ایسا وقت منتخب کریں جب واقعی نیند آنے لگے۔

اگر 20 سے 30 منٹ میں نیند نہ آئے تو کمرے کی روشنی مدھم کریں اور ہلکی سرگرمیاں کریں جیسے، کتاب پڑھنا، مراقبہ، نیم گرم پانی سے غسل وغیرہ۔

اگر دن میں بھی ہر وقت نیند آتی ہے تو یہ 6 عادتیں فوراً بدلیں

چند دن الارم کے بغیر سوئیں

کمرے میں گھڑی، موبائل اور وقت بتانے والی ہر چیز ہٹا دیں۔

پردے بند کریں تاکہ روشنی نہ آئے اور آرام دہ ماحول بنائیں۔

پہلے چند دن آپ زیادہ سونے لگیں گے کیونکہ جسم پرانی نیند پوری کرے گا۔

جس وقت آپ مسلسل 3 سے 4 دن خودبخود جاگنے لگیں، وہی آپ کا ’’قدرتی نیند کا وقت‘‘ ہے۔

نیند کی کمی کے نقصانات

روزانہ 5 گھنٹے سے کم نیند طویل مدتی بیماریوں کا خطرہ بڑھا دیتی ہے۔تحقیقات کے مطابق کم نیند سے یہ مسائل پیدا ہوسکتے ہیں:

  • موٹاپا

  • ہائی بلڈ پریشر

  • دل کی بیماریاں

  • قوتِ مدافعت میں کمی

  • ذہنی تناؤ

اگر آپ چھٹیاں گزار رہے ہوں، امتحانات کے بعد فارغ ہوں یا چند دن کی رخصت پر ہوں، تو یہ تجربہ کرنا زیادہ آسان ہے۔

good health

emotional well being

perfect sleep time

8 hours of rest