ایاز صادق کا حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات میں کردار ادا کرنے کا عندیہ

ہم نے مذاکرات سے کبھی انکار نہیں کیا، چاہتے ہیں حالات بہتر ہوں، بیرسٹر گوہر
اپ ڈیٹ 09 دسمبر 2025 12:35am

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ہم نے مذاکرات سے کبھی انکار نہیں کیا، چاہتے ہیں حالات بہتر ہوں، ہم چاہتے ہیں کہ جمہوریت پلے بڑھے، ملاقات ضرور ہونی چاہیے۔ دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کےلیے کردار ادا کرنے کو تیار ہوں، پہلے بھی کردارا ادا کیا تھا مگر مجھے صلہ اچھا نہیں ملا۔

پاکستان تحریک انصاف کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے واضح کیاکہ پی ٹی آئی نے کبھی مذاکرات سے انکار نہیں کیا، ہم ہمیشہ سے بات کرنا چاہتے تھے، جو ہوا غلط ہوا، نہیں ہونا چاہیے تھا، پارٹی ہمیشہ سے جمہوریت کے فروغ کی خواہاں رہی ہے اور ملک میں جاری صورت حال کو بات چیت کے ذریعے بہتر بنانا چاہتی ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ کچھ لوگ بڑی جماعت اور اہم ادارے میں غلط فہمی پیدا کرنا چاہتے ہیں، ہم نے اہم ادارے کے کردار کو ہمیشہ سراہا اور آگے بھی سراہیں گے۔

انہوں نے اس تاثر کو بھی غلط قرار دیا کہ پارٹی اداروں سے تصادم چاہتی ہے۔ ان کے مطابق کچھ لوگ جان بوجھ کر پی ٹی آئی اور اداروں کے درمیان دوریاں پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہاکہ ایک دوسرے کو خطرہ سمجھنے کے بجائے تمام فریقین کو مل بیٹھ کر معاملات طے کرنے ہوں گے، کیوں کہ ایسے فیصلے ہی ملک کے وسیع تر مفاد میں ہیں، پی ٹی آئی کا ہمیشہ مؤقف رہا کہ مضبوط فوج پاکستان کی ضامن ہے، قومی معاملات افہام و تفہیم کے ذریعے حل ہونے چاہییں۔

اسپیکر قومی اسمبلی کی پیشکش

دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سیاسی کشیدگی میں کمی کے لیے کردار ادا کرنے کی پیشکش کردی۔

قومی اسمبلی اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہوں۔

انہوں نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پہلے بھی کردار ادا کیا مگر مجھے اچھا صلہ نہیں ملا، اب لوگ بیٹھ جائیں اور مشاورت کرکے بتا دیں کہ کیا کرنا ہے۔

National Assembly

speaker national assembly

ayaz sadiq

Barrister Gohar

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

Barrister Gohar Khan

Barrister Gohar Ali Khan

Speaker Ayaz Sadiq