اڈیالہ میں بیٹھے مجرم کو کسی صورت ملکی استحکام سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی: خواجہ آصف
وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ افواج پاکستان اور ان کی قیادت میں تفریق ڈالنے کی کوشش قابلِ مذمت ہے، اڈیالہ میں بیٹھے مجرم کو کسی صورت ملکی استحکام سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس میں دیے جانے والے ردِعمل کے پیچھےاسی شخص اور اس کے حواریوں کی وہ مسلسل نفرت انگیز ہرزہ سرائی ہے جس کی مثال پاکستان کی تاریخ میں نہیں ملتی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاکہ پاکستان ہے تو ہم ہیں کیوں کہ پاکستان ہماری ذات، انا اور سیاست سے مقدم ہے۔ اگر کوئی فردِ واحد اپنے مخصوص مفادات کی تکمیل کے لیے ملک دشمن قوتوں کا آلہ کار بن کر ریاست اور اس کے اداروں کو نشانہ بنائے تو ایسے شخص کو بیمار ذہن کہنا بالکل حق بجانب ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس میں دیے جانے والے ردِعمل کے پیچھے اسی شخص اور اس کے حواریوں کی وہ مسلسل نفرت انگیز ہرزہ سرائی ہے جس کی مثال پاکستان کی تاریخ میں نہیں ملتی۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ریاستِ پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی امین افواجِ پاکستان اور ان کی قیادت میں تفریق ڈالنے کی کوشش قابلِ مذمت ہے۔ ’یاد رکھیں! ملکی وقار، خودمختاری اور قومی سلامتی کے منافی کوئی کوشش کسی بھی سطح پر کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔ اڈیالہ میں بیٹھے مجرم کو کسی صورت ملکی استحکام سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔‘
اگر افغانستان خونریزی کیلئے بندے بھیجے گا تو جواب دیں گے
دریں اثنا نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاکہ اگر افغانستان پاکستان میں خونریزی کرنے کے لیے بندے بھیجے گا تو پھر ہم سرحد کا احترام نہیں کریں گے اور افغانستان کے اندر جاکر جواب دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بیک ڈور ڈپلومیسی ابھی تک کامیاب نہیں ہوئی ہے، افغانستان میں حکومت میں متحارب گروہ ہیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں بھارت کو اتنی کٹ پڑی ہے کہ بھارت کو اتنی کٹ پڑی ہے تو وہ کیا روئے بھی نہ، بھارت رورہا ہے اسے رونے دیں۔
خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ ایک سیاسی پارٹی صبح شام فوج پر حملے کرے تو پیمانہ تو لبریزہونا تھا، علیمہ خان بار بار کہہ رہی ہیں کہ وہ بہت غصے میں ہے، اس گفتگو سے لگتا ہے بانی پی ٹی آئی اپنے کنٹرول میں نہیں تھے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ اقتدار چاہیے ہوتا ہے تو ایک شخص باپ بنالیتا ہے، اسے پتہ لگ جائے کہ گدھا اقتدار تک پہنچا دے گا تو اسے بھی باپ بنالے، پی ٹی آئی نے شہیدوں سے ہمدردی کا اظہار نہیں کیا۔












