ریاست کو کمزور کرنے والے بیانیے کو ترک کرنا ہوگا، وزیراعلیٰ بلوچستان

100 کے قریب دہشت گردوں نے ڈیرہ بگٹی میں حکومت پاکستان کے سامنے ہتھیار ڈالے ہیں، سرفراز بگٹی
شائع 07 دسمبر 2025 02:28pm

وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ دہشت گرد قوم پر اپنا نظام مسلط نہیں کر سکتے، بلوچستان کے لوگ پاک فوج کے ساتھ تھے، ہیں اور رہیں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ ریاست کو کمزور کرنے والے بیانیے کو ترک کرناہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ بیانیہ بنایا جاتا ہے کہ بلوچستان میں طاقت کا استعمال ہورہا ہے، لیکن وہاں صرف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ہورہے ہیں۔

دوران پریس کانفرنس وزیراعلیٰ بلوچستان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو وفاقی حکومت سے مذاکرات کا مشورہ بھی دیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ ہم سب کی جنگ ہے۔

اسلام آباد میں ممبر قومی اسمبلی جمال رئیسانی کے ہمرا پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہا کہ 100 کے قریب دہشت گردوں نے ڈیرہ بگٹی میں حکومت پاکستان کے سامنے ہتھیار ڈالے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 19-2018 میں بھی ان لوگوں نے پہاڑوں کا رخ کیا تھا، آج یہ پھر واپس آئے ہیں تو ہم نے انہیں گلے لگالیا۔ عسکریت پسندوں کا ہتھیار ڈالنا خوش آئند پیشرفت ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ ایک جماعت شہرت کا بیانیہ لے کر چلتی ہے، ضمنی انتخابات میں اس جماعت کی شہرت سب نے دیکھ لی، ریاست کو کمزور کرنے والے بیانیے کو ترک کرنا ہوگا اور اپنے رویوں پر غور کرنا ہوگا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو وفاقی حکومت سے مذاکرات کامشورہ دیتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کے لوگوں کو اس وقت گورننس،ڈویلپمنٹ کی ضرورت ہے۔

pakistan army

DG ISPR

خیبر پختونخوا

cm balochistan

sarfaraz bugti