پاکستان نے برطانیہ سے شہزاد اکبر اور عادل راجہ کی حوالگی کا مطالبہ کردیا
پاکستان نے برطانیہ سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رہنما شہزاد اکبر اور یوٹیوبر عادل راجہ کی فوری حوالگی کا مطالبہ کردیا ہے۔
جمعرات کو اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات، سیکیورٹی تعاون اور برطانیہ میں غیرقانونی مقیم پاکستانیوں کی وطن واپسی سمیت مختلف امور پر بات چیت کی گئی۔
ملاقات کے دوران پاکستان نے برطانیہ سے پاکستانی شہریوں شہزاد اکبر اور عادل راجہ کی حوالگی کا باضابطہ مطالبہ کیا۔
اعلامیے کے مطابق وفاقی حکومت نے دونوں افراد کے ایکسٹراڈیشن سے متعلق کاغذات برطانوی ہائی کمشنر کو حوالے کیے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر بتایا کہ شہزاد اکبر اور عادل راجہ پاکستان میں مختلف مقدمات میں مطلوب ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ انہیں جلد از جلد پاکستان منتقل کیا جائے۔
بعدازاں، میڈیا سے گفتگو میں محسن نقوی نے کہا کہ بیرون ملک بیٹھ کر بہتان تراشی اور پروپیگنڈا کرنا کسی بھی ملک کے قوانین کے مطابق ناقابل قبول ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے برطانوی حکام کو ایسے پاکستانی شہریوں کے خلاف ٹھوس شواہد بھی فراہم کیے ہیں جو بیرون ملک بیٹھ کر ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ پاکستان آزادی اظہارِ رائے پر مکمل یقین رکھتا ہے، لیکن فیک نیوز اور منظم پروپیگنڈا ایک سنجیدہ مسئلہ ہے جسے روکنے کے لیے بین الاقوامی تعاون ضروری ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ برطانیہ اس معاملے میں پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا تاکہ قانون کے مطابق کارروائی ممکن ہو سکے۔













