وزیراعظم کا کرغزستان کے ساتھ تجارتی حجم 200 ملین ڈالر تک بڑھانے کا اعلان

دونوں ممالک کے درمیان سیاحت، توانائی، زراعت اور کان کنی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے
اپ ڈیٹ 04 دسمبر 2025 02:14pm

اسلام آباد میں پاکستان اور کرغزستان کے درمیان مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشت کے تبادلے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور کرغستان کے صدر صادر ژپاروف شریک ہوئے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے تجارتی حجم 200 ملین ڈالر تک بڑھنے کا اعلان کیا ہے۔

اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطحی تقریب کے دوران پاکستان اور کرغزستان کے درمیان متعدد شعبوں میں تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ ہوا۔ تقریب میں شریک نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور کرغزستان کے وزیر خارجہ نے دستاویزات کا تبادلہ کیا۔

دورانِ تقریب دونوں ممالک نے سیاحت، توانائی، زراعت اور کان کنی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے۔ اس کے علاوہ پاکستانی بندرگاہوں کے استعمال میں تعاون، سزا یافتہ قیدیوں کے تبادلے، اور بشکیک اور اسلام آباد کو جڑواں شہر قرار دینے کے معاہدے بھی دستخط کیے گئے۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان خوشگوار اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں اور پاکستان کرغزستان کے ساتھ تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے۔ تقریب کے اختتام پر دونوں ممالک کے سربراہان نے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کیے جس میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

کسی ایک ملک پر حملہ دونوں ملکوں پر حملہ تصور ہوگا، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدہ

شہباز شریف نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے کے لیے وہ کرغزستان کے صدر کے مشکور ہیں اور توقع ظاہر کی کہ اگلے دو سال میں تجارتی حجم 200 ملین ڈالر تک بڑھایا جائے گا۔

تقریب میں صادر ژپاروف نے اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا اپنا پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے شاندار مہمان نوازی اور پرجوش استقبال پر حکومت اور عوام پاکستان کا بھی شکریہ ادا کیا۔

صدر ژاپاروف نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں کرغزستان کا اہم شراکت دار ہے اور دونوں ممالک نے مستقبل کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے تجارتی روابط میں اضافہ کرنے کے لیے بزنس فورم کے انعقاد کو اہم قرار دیا اور کہا کہ توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کاسا 1000 منصوبہ اہم کردار ادا کرے گا۔

صدر ژاپاروف نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ اس وقت تقریباً 12 ہزار پاکستانی کرغزستان میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، جس سے دونوں ممالک کے تعلیمی اور ثقافتی روابط مضبوط ہو رہے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کرغزستان کے صدر 2 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے تھے۔ اسلام آباد پہنچنے پر معزز مہمان کو گن سلیوٹ پیش کیا گیا تھا۔

پاکستان

Kyrgyzstan

Sadyr Nurgozhoevich Zhaparov

kyrgyzstan president visit pakistan

strong relation