خفیہ کمرے، دیواروں پر ماسک: جنسی مجرم جیفری ایپسٹین کے نجی جزیرے کی ویڈیو سامنے آگئی

جیفری ایپسٹین کے نجی جزیرے کی 10 نئی تصاویر اور متعدد ویڈیوز جاری ہوئی ہیں
شائع 04 دسمبر 2025 11:40am

بدنام زمانہ جنسی مجرم جیفری ایپسٹین کے نجی جزیرے کے ویڈیو سامنے آگئی ہے۔ امریکی ایوانِ نمائندگان کی اوور سائٹ کمیٹی کے ڈیموکریٹک اراکین نے جیفری ایپسٹین کے نجی کیریبین جزیرے کی 10 نئی تصاویر اور متعدد ویڈیوز جاری کی ہیں، جو انسانی اسمگلنگ اور جنسی استحصال کے دیرینہ الزامات کے مرکز میں موجود اس پوشیدہ مقام کی نایاب جھلک پیش کرتی ہیں۔

بدھ کے روز جاری کیا گیا یہ مواد 10 تصاویر اور چار ویڈیوز پر مشتمل ہے، جن میں امریکی ورجن آئی لینڈز کے علاقے لٹل سینٹ جیمز میں ایپسٹین کی رہائش گاہ کے اندرونی حصے دکھائے گئے ہیں۔ یہی وہ مقام ہے جہاں ایپسٹین پر مبینہ طور پر کم عمر لڑکیوں کے استحصال اور بدسلوکی کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔

امریکی میڈیا کے مطابق، یہ تصاویر غالباً 2020 میں لی گئی تھیں، یعنی اس کے ایک سال بعد جب ایپسٹین نیویارک کی جیل میں زیرِ سماعت مقدمے کے دوران خودکشی کر بیٹھے تھے۔ بظاہر یہ مواد امریکی ورجن آئی لینڈز کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے جمع کردہ دستاویزی شواہد ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری کردہ تصاویر میں کئی داخلی کمروں کے مناظر شامل ہیں، جن میں بیڈ رومز، ایک کمرہ جو دفتر یا لائبریری معلوم ہوتا ہے، اور ایک ٹیلی فون ایریا بھی شامل ہے۔

نابالغ لڑکیوں سے زیادتی کا اسکینڈل: ایپسٹین کی نئی ای میلز ٹرمپ کے لیے خطرہ کیسے؟

ایک اور تصویر میں ایک ایسا کمرہ دکھایا گیا ہے جو ڈینٹسٹ کلینک جیسا لگتا ہے، جہاں ڈینٹل چیئر، متعلقہ آلات اور دیواروں پر انسانی چہرے نما ماسک آویزاں ہیں۔

دی نیویارک ٹائمز کے مطابق جیفری ایپسٹین کی ایک گرل فرینڈ پیشے سے ڈینٹسٹ تھی جو مجرم کی ایک شیل کمپنی کے دفتر میں کام کرتی تھی۔

AAJ News Whatsapp

ویڈیوز میں جزیرے کی پرتعیش جائیداد کا واک تھرو بھی دکھایا گیا، اس کے علاوہ چمکدار سفید بیڈ شیٹس، کشادہ کمرے اور کھجور کے درختوں سے گھرا ہوا ایک بڑا سوئمنگ پول، جو تقریباً 90 ایکڑ کے پورے جزیرے پر پھیلا ہوا ہے۔

ایپسٹین کے زیرِ ملکیت امریکی ورجن آئی لینڈز میں دو جزیرے تھے، جن میں لٹل سینٹ جیمز بھی شامل ہے۔ 2022 میں امریکی ورجن آئی لینڈز کے اٹارنی جنرل نے ایپسٹین کے اسٹیٹ کے ساتھ 10 کروڑ ڈالر سے زائد کا تصفیہ کیا تھا، اور الزام عائد کیا تھا کہ درجنوں کم عمر لڑکیوں اور بچوں کو اس کے نجی جزیرے لٹل سینٹ جیمز پر اسمگل کیا گیا، زیادتی کا نشانہ بنایا گیا اور قید رکھا گیا تھا۔

ایوان نمائندگان کی اوور سائٹ کمیٹی نے یہ نہیں بتایا کہ تصاویر کس نے بنائیں، کب بنائی گئیں یا یہ تحقیقات کا حصہ کیوں ہیں۔ فائلوں کے نام بھی واضح نہیں تھے اور زیادہ معلومات فراہم نہیں کرتے تھے۔ کمیٹی نے یہ بھی نہیں بتایا کہ یہ مواد اب کیوں جاری کیا گیا ہے۔

کمیٹی کے ارکان کہا کہنا تھا کہ یہ اقدام ایپسٹین کی سرگرمیوں میں شفافیت بڑھانے اور حکومت اور امریکی محکمہ انصاف پر دباؤ قائم رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔

دو جماعتوں کے قانون سازوں نے بدھ کو امریکی اٹارنی جنرل پام بانڈی کو خط لکھا تھا اور محکمہ انصاف سے اس معاملے کی تازہ صورتحال جاننے کی درخواست کی تھی۔

کانگریس نے محکمہ انصاف کے لیے 19 دسمبر تک ایپسٹین فائلز جاری کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر کی ہے، جو پہلے منظور شدہ قانون کے تحت ہے۔

قانون سازوں نے واضح کیا کہ حال ہی میں جاری شدہ تصاویر اور آئندہ آنے والے بینک ریکارڈز ایپسٹین فائلز ٹرانسپیرنسی ایکٹ کے تحت مطلوبہ رسمی دستاویزات کا حصہ نہیں ہیں، جسے امریکی صدر نے گزشتہ ماہ قانون کی شکل دی تھی۔

جیفری ایپسٹین کون تھا؟

جیفری ایپسٹین ایک امریکی فنانسر تھا جس پر جنسی جرائم کے الزامات تھے جس کے مطابق اس نے نابالغ لڑکیوں کو جنسی استحصال اور انسانی اسمگلنگ کے لیے استعمال کیا۔ اس پر یہ بھی الزام تھا کہ وہ اپنی دولت اور تعلقات کے ذریعے طاقتور افراد کو نوازتا اور انہیں نابالغ لڑکیوں تک رسائی دیتا رہتا تھا۔ جیفری ایپسٹین نے 2019 میں جیل میں ہی خودکشی کر لی تھی۔

Jeffrey Epstein

Epstein ٖFiles

Epstein's private island

New videos