جنوبی افریقی کھلاڑی کو نامناسب اشارہ؛ بھارتی بولر پر الزام ثابت
آئی سی سی نے بھارتی بولر ہرشیت رانا کو لیول ون کی خلاف ورزی پر ڈی میرٹ پوائنٹ دے دیا۔ ہرشیت رانا نے جنوبی افریقی کھلاڑی ڈیولڈ بریوس کو آؤٹ کرنے کے بعد قابلِ اعتراض اشارہ کیا تھا۔
بھارت اور جنوبی افریقا کے درمیان جاری ون ڈے سیریز کے پہلے ون ڈے کے دوران بھارتی فاسٹ بولر ہرشیت رانا کے پروٹیز بیٹر کی جانب قابلِ اعتراض اشارے کو آئی سی سی نے آرٹیکل 2.5 کی خلاف ورزی قرار دیاہے اور ہرشیت رانا کو ایک ڈی میرٹ پوائنٹ کی سزا سنائی ہے۔
آئی سی سی کے مطابق بھارتی فاسٹ بولر ہرشیت رانا نے جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ون ڈے میں ضابطہ اخلاق کی لیول ون خلاف ورزی کی جس کا الزام ثابت ہو گیا۔
میچ کے دوران بیٹر کی جانب جانے والا ان کا اشارہ نامناسب قرار دیا گیا ہے جو آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.5 کی خلاف ورزی ہے۔
واقعہ جنوبی افریقا کی اننگز کے 22ویں اوور میں پیش آیا جب ہرشیت رانا نے ڈیولڈ بیویس کو آؤٹ کرنے کے بعد ڈریسنگ روم کی جانب اشارہ کیا، جس پر امپائرز اور میچ آفیشلز نے اسے ضوابط کی خلاف ورزی قرار دیا۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ اس اقدام کے بعد ہرشیت رانا کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ کا اضافہ کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق ہرشیت رانا نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے میچ ریفری کی تجویز کردہ سزا فوراً قبول کرلی، جس کے باعث باضابطہ سماعت کی ضرورت محسوس نہیں کی گئی۔
آئی سی سی کی وضاحت کے مطابق کسی کھلاڑی کے ڈی میرٹ پوائنٹس چار تک پہنچنے پر اسے معطلی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ دو سسپنشن پوائنٹس کی صورت میں کھلاڑی ایک ٹیسٹ یا دو ون ڈے/دو ٹی ٹوئنٹی میچوں سے باہر ہو جاتا ہے۔
















