کافی میں گھی، ہلدی اور دارچینی: دل کے ڈاکٹر کا حیران کن نسخہ
صبح کی روٹین میں ایک خاص کافی نے صحت کے ماہرین کی توجہ حاصل کر لی ہے۔ یہ کافی عام کافی سے مختلف ہے اور دل اور دماغ دونوں کے لیے فائدہ مند ہے۔ کافی میں گھی، ہلدی اور دارچینی کا امتزاج اب نہ صرف ذائقے میں منفرد ہے بلکہ صحت کے لیے بھی حیران کن فوائد رکھتا ہے۔
کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر الوک چوپڑا کے مطابق یہ بلٹ کافی ان کے روزانہ صبح کے معمول کا حصہ ہے۔
بلٹ کافی کی تیاری کے لیے سب سے پہلے بلیک کافی تیار کریں، اس میں ایک چمچ گھی ڈالیں، پھر تھوڑی سی دارچینی اور ہلدی شامل کریں۔ اگر پسند ہو تو تھوڑا سا کاکاؤ بھی ڈالیں اور اچھی طرح مکس کریں۔ گھی کی جگہ آپ ایم سی ٹی آئل شامل کرسکتے۔ ڈاکٹر چوپڑا کے مطابق صبح کے وقت یہ صحت بخش مشروب پینے سے توانائی، دماغی کارکردگی اور مجموعی صحت میں بہتری آتی ہے۔
ایم سی ٹی دراصل میڈیم چین ٹرائگلیسرائیڈز ہیں یعنی درمیانی لمبائی والے چکنائی کے مالیکیولز۔ یہ صحت مند چکنائیاں ہیں، جو جسم اور دماغ کو فوری توانائی فراہم کرتی ہیں۔
ڈاکٹر شوپڑا کے مطابق بلٹ کافی وزن کنٹرول رکھنے کے حوالے سے بھی بہترین رزلٹ دیتی ہے، یہ میٹابولزم کو تیز کرتی ہے اور چربی کے جلنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔ صحت مند چکنائیاں پیٹ دیر تک بھرا رکھتی ہیں، جس سے بھوک کم لگتی ہے اور وزن کنٹرول میں مدد ملتی ہے۔
اہم بات یہ کہ یہ کافی خوشی اور سکون کے ہارمونز، ڈوپامائن اور سیروٹونن ریلیز کرتی ہے۔ صبح کے وقت یہ کافی پینے سے دن کا آغاز مثبت توانائی اور خوش مزاجی کے ساتھ ہوتا ہے۔
گھی اور کافی کا امتزاج گٹ بیکٹیریا کو غذائیت دیتا ہے اور ہاضمہ بہتر بناتا ہے۔کافی میں موجود اجزاء جسم کو آکسیڈیٹیو اسٹریس سے بچاتے ہیں اور مجموعی صحت اور طویل عمر کے لیے مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
اگر آپ ابھی تک چکنائی والی کافی کے عادی نہیں ہیں تو ابتدا میں کم مقدار استعمال کریں اور آہستہ آہستہ بڑھائیں تاکہ جسم کے لیے عادت بن جائے۔
















