کنال کامرا کی ’آر ایس ایس‘ پر طنزیہ شرٹ نے نیا ہنگامہ کھڑا کردیا
بھارتی کامیڈین کنال کامرا ایک بار پھر سیاسی ہلچل کا سبب بن گئے ہیں۔ کنال کامرا نے سوشل میڈیا پر ایک ایسی تصویر شیئر کی جس میں ان کی شرٹ پر مبینہ طور پر راشٹریہ سویم سیوک سنگھ(آر ایس ایس) کا مذاق اُڑایا گیا تھا۔ اس تصویر پر بی جے پی کے رہنماؤں کی جانب سے سخت تنقید کی گئی ہے اور انہوں نے پولیس کارروائی کی وارننگ دی ہے۔
تصویر میں کامرا کی شرٹ پر ایک کتے کی تصویر اور ایک حوالہ موجود ہے جو ممکنہ طور پرآر ایس ایس کی طرف اشارہ کرتا ہے، اگرچہ تصویر میں مکمل ’ر‘ نہیں دکھائی دیتی، جس کی وجہ سے کچھ لوگوں کا ماننا ہے کہ یہ ’پی ایس ایس‘ بھی ہو سکتا ہے۔
افغانستان کا ’اصل چہرہ‘ دنیا کو دکھانے والا برطانوی یوٹیوبر 3 گھنٹے میں واپس
یہ واقعہ مہاراشٹر کے وزیر اور بی جے پی کے سینئر رہنما چندرشیکھر باوانکولے کے ردعمل کے بعد مزید گرم ہوگیا۔ باوانکولے نے کہا، ”جو بھی اس قسم کی اعتراضات پر مبنی پوسٹس کرے گا، پولیس اُس کے خلاف کارروائی کرے گی۔“ انہوں نے کامرا کی پوسٹ کو ”قابل اعتراض“ قرار دیا۔
شیوسینا کے وزیر سنجے شیرست نے بھی کامرا پر شدید تنقید کی اور کہا کہ کامرا نے پہلے وزیر اعظم نریندرمودی اور نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی بھی توہین کی تھی اور اب انہوں نے براہ راست آر ایس ایس کو ہدف بنایا ہے۔ شیرست نے مزید کہا کہ بی جے پی کو اس پر جواب دینا چاہیے۔
سونو نگم اور محمد رفیع کی اے آئی کی مدد سے لائیو پرفارمنس
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب کامرا کسی تنازعے کا شکار ہوئے ہیں، اس سے قبل بھی انہوں نے شندے کو اپنے ایک شو میں مذاق کا نشانہ بنایا تھا جس پر شیوسینا کے ارکان نے ممبئی میں ہابیٹیٹ کامیڈی کلب اور اس ہوٹل میں توڑ پھوڑ کی تھی جہاں کامرا کا شو ہو رہا تھا۔
کامرا نے اس نئے تنازع کے بعد وضاحت پیش کی کہ جس تصویر میں وہ متنازعہ ٹی شرٹ پہنے ہوئے ہیں، وہ ”کامیڈی کلب میں نہیں کھینچی گئی“ تھی۔ تاہم، بی جے پی نے اس وضاحت کو بھی مسترد کرتے ہوئے کامرا کی پوسٹ کو ”اشتعال انگیز“ اور ”توہین آمیز“ قرار دیا۔
کامرا کے سوشل میڈیا پر شیئر کیے گئے اس قسم کے پوسٹس، جو حکومت اور حکومتی رہنماؤں پر نکتہ چینی کرتے ہیں، انہیں ایک متنازعہ شخصیت بنا چکے ہیں، اور ان کے اس تازہ اقدام پر بحث کا سلسلہ جاری ہے۔
















