’خوش رہنے کے لیے ایک شریک حیات کافی ہے‘: ویٹیکن کا کیتھولکس کے لیے اعلان
شادی دو افراد کے درمیان مکمل وابستگی اور یکسوئی کا رشتہ ہے۔ ہر شادی مساوات، وفاداری اور زندگی بھر کے عزم پر مبنی ہونی چاہیے۔کیتھولک چرچ کے عالمی مرکز ویٹیکن نے دنیا بھر کے کیتھولک عیسائیوں کے لیے واضح کیا ہے کہ شادی میں صرف ایک شریک حیات کافی ہے۔
پوپ لیو کی منظوری سے جاری ہونے والے نئے فرمان میں کہا گیا ہے کہ شادی ایک ایسا رشتہ ہے جو دو افراد کے درمیان پوری زندگی کے لیے قائم رہتا ہے اور اس میں کسی اور کے ساتھ تعلقات رکھنا مناسب نہیں۔ فرمان میں شادی کے روایتی تصور کی اہمیت اور اس کے خوشی اور سکون دینے والے پہلوؤں پر زور دیا گیا اور کہا گیا کہ کیتھولک افراد کو ایک شریک حیات تلاش کر کے اس کے ساتھ مکمل وابستگی اختیار کرنی چاہیے۔
ویٹیکن نے افریقہ میں پولیگیمی یعنی ایک سے زیادہ شادیوں کی روایت کی بھی تنقید کی، جو بعض علاقوں میں ثقافتی طور پر رائج ہے اور جہاں کچھ کیتھولک بھی اس میں حصہ لیتے ہیں۔ انہوں نے کہ ہر حقیقی شادی ایک ایسی یکجہتی ہے جو دو افراد کے درمیان مکمل اور گہرا تعلق قائم کرتی ہے اور اسے دوسروں کے ساتھ بانٹنا ممکن نہیں۔ اس میں دونوں افراد کی مساوی حیثیت اور حقوق کو اجاگر کرتے ہوئے کہا گیا کہ شادی میں یکسوئی لازمی ہے۔
پوپ فرانسس کی زیرِ صدارت 2023 اور 2024 میں منعقدہ دو ویٹیکن اجلاسوں میں شادی کے نظریات اور ان پر عمل درآمد کے طریقوں پر بات ہوئی تھی۔ ان اجلاسوں میں پولیگیمی کے علاوہ مغربی ممالک میں بڑھتی ہوئی کثیرالجہتی یعنی ایک سے زیادہ تعلقات پر بھی بحث ہوئی، جہاں افراد ایک وقت میں متعدد لوگوں کے ساتھ تعلقات رکھتے ہیں۔ فرمان میں کہا گیا کہ پولیگیمی، زنا یا ایک سے زیادہ تعلقات ایسی غلط فہمیوں پر مبنی ہیں کہ تعلقات کی شدت مختلف چہروں کی آمد سے حاصل کی جا سکتی ہے، جبکہ یہ خیال درست نہیں ہے۔
اس فرمان میں طلاق پر کوئی بات نہیں کی گئی، کیونکہ کیتھولک چرچ شادی کو زندگی بھر کے لیے ایک عہد سمجھتا ہے۔تاہم، چرچ کے پاس منسوخی کا عمل موجود ہے، جس کے ذریعے یہ جانچا جاتا ہے کہ شادی صحیح طور پر ہوئی تھی یا نہیں، اور ساتھ ہی یہ واضح کیا جاتا ہے کہ شریک حیات یا پارٹنرز کو نقصان دہ یا بدسلوکی والے تعلقات میں رہنے پر مجبور نہیں کیا جاتا۔
یہ فرمان ویٹیکن کی جانب سے شادی اور شریک حیات کے بارے میں اصولی موقف کو دوبارہ واضح کرتا ہے، اور کیتھولک دنیا میں روایتی شادی کے تصور کو فروغ دینے کی کوشش ہے۔














