پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے، عاصم افتخار
اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں پاکستان نے غزہ میں فوری اور مکمل جنگ بندی کے نفاذ کے ساتھ ساتھ انسانی امداد تک بلا تعطل فراہمی کی ضمانت دینے کا مطالبہ کر دیا۔
پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی خلاف ورزیوں کے باعث عام شہری شدید دہشت اور عدم تحفظ کی کیفیت میں زندگی گزار رہے ہیں۔
عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ غزہ کی بحالی اور تعمیر نو کے عمل کا آغاز مزید تاخیر کے بغیر ہونا چاہیے، کیونکہ لاکھوں بے گھر افراد بنیادی ضروریات سے محروم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان، فلسطینی عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی جدوجہد میں ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
پاکستانی مندوب نے واضح کیا کہ غزہ امن پر عمل فلسطینی ریاست کے قیام کا ایک واضح اور قابلِ عمل راستہ ہے، اور عالمی برادری کو چاہیے کہ اس عمل کو ہر ممکن حمایت فراہم کرے تاکہ پائیدار امن کی بنیاد رکھی جا سکے۔
انہوں نے سلامتی کونسل پر زور دیا کہ جنگ بندی کے فیصلوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اور موثر اقدامات کیے جائیں، کیونکہ زمین پر صورتحال انسانی المیے کی شکل اختیار کر چکی ہے۔
پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اس بحران کے خاتمے اور فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے متحد ہو کر عملی اقدامات کرے۔
اقوام متحدہ کی بیروت پر اسرائیلی حملے کی مذمت
اقوام متحدہ نے بیروت پر اسرائیلی حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے، جس میں حزب اللہ کے اعلیٰ فوجی کمانڈر ہیثم علی طباطبائی سمیت پانچ افراد شہید ہوگئے تھے۔
اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجارک کا کہنا تھا کہ جنوبی بیروت میں رہائشی علاقے پر ہونے والے مہلک اسرائیلی حملے پر شدید تشویش ہے۔ ہم تمام کرداروں پر زور دیتے ہیں کہ وہ زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور فریقین کو یاد دلاتے ہیں کہ عام شہریوں اور شہری علاقوں کو نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔













