ٹرمپ نے ایلون مسک کا احتسابی ادارہ تحلیل کردیا
امریکی صدر ٹرمپ کے عہدہ سنبھالنے کے پہلے روز ہی امریکی کاروباری شخصیت ایلون مسک کو ’ڈپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفیشنسی (DOGE)‘ کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا، جس کا کام بیوروکریسی پر نظر اور حکومتی اخراجات میں کمی لانے کے لیے اقدامات کرنا تھا۔ تاہم ایلون مسک کے دست بردار ہونے کے بعد اس ادارے کو میعاد ختم ہونے سے 8 ماہ قبل ہی تحلیل کر دیا گیا ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ کے دوسری بار عہدہ سنبھالتے ہی ایگزیکٹیو آرڈر جاری کیا تھا، جس کے تحت ’ڈیپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفیشنسی‘ کے نام سے مشاورتی بورڈ قائم کیا گیا تھا۔ ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک کو اِس بورڈ کا سربراہ بنایا گیا تھا، جس کا مقصد حکومتی اخراجات اور بیوروکریسی میں کمی لانا تھا۔
رائٹرز کے مطابق ڈائریکٹر ’آفس آف پرسنل مینجمنٹ‘ اسکاٹ کوپر نے تصدیق کی ہے کہ اب یہ بورڈ وجود نہیں رکھتا اور اس کی زیادہ تر ذمہ داریاں ان کے آفس نے سنبھال لی ہیں۔
ایلون مسک جو ابتدا میں اس محکمے کے سربراہ تھے، اپنی پوسٹس میں اکثر اس ادارے (DOGE) کی کارکردگی کو سراہتے دکھائی دیتے، حتیٰ کہ ایک تقریب میں انہوں نے بیوروکریسی کے خلاف علامتی مہم کے طور پر ایک ’الیکٹرک آرا‘ (Chain Saw) بھی لہرا کر دکھایا۔

ایلون مسک نے ٹرمپ کے صدر منتخب ہونے کے فوراً بعد کہا تھا کہ انہیں حکومتی قوانین کا پہاڑ ختم کرنے کا مینڈیٹ ملا ہے۔ ڈپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفیشنسی کے بنیادی فرائض میں پرانے حکومتی سافٹ ویئر اور نظام کی اپگریڈیشن، سرکاری اخراجات اور بیوکریسی کی تعداد میں کمی سمیت وفاقی ایجنسیوں کے کام کی نگرانی جیسے کام شامل تھے۔
ٹرمپ اور مسک آمنے سامنے — کیا ایلون مسک امریکا سے نکالے جائیں گے؟
تاہم مئی 2025 میں حکومتی پالیسیوں پر اختلافات ظاہر کرنے پر ایلون مسک اور ٹرمپ کے تعلقات میں تناؤ پیدا ہوگیا، جس کا دونوں جانب سے اظہار سوشل میڈیا پر بھی نظر آیا۔ یہ معاملہ اس قدر شدت اختیار کرگیا کہ ٹرمپ نے یہ تک کہہ دیا کہ ’وہ مسک کے سرکاری ٹھیکوں اور سبسڈی کو ختم کر دیں گے‘۔
ڈپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفیشنسی نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے سرکاری اخراجات میں درجنوں ارب ڈالر کی کٹوتی کی، لیکن کوئی عوامی ریکارڈ جاری نہ کیے جانے کی وجہ سے اس دعوے کی تصدیق نہ ہوسکی۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان لِز ہسٹن کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ ’وفاقی حکومت میں بے ضابطگیوں اور فضول خرچی ختم کرنے کے اپنے وعدے پر قائم ہیں۔‘ واضح رہے کہ امریکی صدر کے ایگزیکٹو آرڈر کے مطابق اس ادارے کی میعاد جولائی 2026 تک مقرر تھی۔














