سیکیورٹی فورسز کا بنوں میں مشترکہ آپریشن، 8 دہشت گرد ہلاک
بنوں میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، کارروائی کے نتیجے میں آٹھ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں نے فورسز پر شدید فائرنگ کی تاہم بھرپور جوابی کارروائی کے نتیجے میں 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد بھارتی حمایت یافتہ گروہ فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھتے تھے اور مختلف دہشت گرد کارروائیوں، سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔
سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کے بعد علاقے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کی واضح مثال ہے۔
انٹیلی جنس کی بنیاد پر ہونے والی ایسی مربوط کارروائیاں نہ صرف دہشت گردوں کی نقل و حرکت محدود کرتی ہیں بلکہ ان کے نیٹ ورکس کو توڑنے اور دوبارہ منظم ہونے کی صلاحیت بھی کمزور کرتی ہیں۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سینیٹائزیشن آپریشن بھی شروع کر دیا ہے تاکہ ممکنہ طور پر چھپے ہوئے دہشت گردوں کو گرفتار یا ہلاک کیا جا سکے۔
بیان کے مطابق ’عزمِ استحکام‘ کے تحت جاری ملک گیر انسدادِ دہشتگردی مہم پوری قوت سے جاری رہے گی اور پاکستان سے غیرملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ کارروائیاں جاری رہیں گی۔
















