ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان کے لیے 33 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری
ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کے لیے 33 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی ہے، جس کا مقصد ملک کے بجلی کے قومی ترسیلی نظام کو جدید اور موثر بنانا ہے۔ حکومت کے مطابق یہ قرض پاکستان کے توانائی کے ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور بجلی کی فراہمی میں بہتری لانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
اے ڈی بی کے مطابق اس رقم کا بڑا حصہ تقریباً 28.5 کروڑ ڈالر روایتی سرمائے سے فراہم کیا جائے گا جبکہ 4.5 کروڑ ڈالر رعایتی قرضے کی صورت میں دیا جائے گا، جس کے سود کی شرح بھی نسبتاً کم ہوگی۔
اس منصوبے کے تحت 290 کلو میٹر طویل 500 کے وی کی نئی ٹرانسمیشن لائن بچھائی جائے گی، جو بجلی کے بوجھ کو متوازن کرنے اور ملک کے بڑے شہروں میں بجلی کی ترسیل کو بہتر بنانے میں مدد دے گی۔
اس کے علاوہ اسلام آباد اور فیصل آباد کے اہم گرڈ اسٹیشنز اور ان سے جڑی بنیادی تنصیبات کو اپ گریڈ کیا جائے گا، جس سے ان علاقوں میں بجلی کے بار بار بند ہونے کے مسائل میں بھی نمایاں کمی کا امکان ہے۔

















