الیکشن کمیشن کا اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات فوری کرانے کا اعلان
الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں جلد از جلد بلدیاتی انتخابات کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔ کمیشن نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ انتخابات کا شیڈول فوری طور پر پیش کیا جائے تاکہ شہری سطح پر مقامی حکومت کے نظام کو فعال بنایا جا سکے۔
اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں کی گئی ترمیم کو آئین سے متصادم قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ سیکرٹری یونین کونسل کو انتخابات کی ذمہ داری دینا خلاف قانون ہے۔
اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کا معاملہ، الیکشن کمیشن کا محفوظ فیصلہ جاری
کمیشن کے مطابق ڈی آر اوز اور آر اوز کی تعیناتی کا اختیار صرف الیکشن کمیشن کو حاصل ہے اور سیکرٹری یونین کونسل سرکاری افسر کی تعریف پر پورا نہیں اترتا، لہٰذا انہیں پریزائیڈنگ افسر مقرر نہیں کیا جا سکتا۔ انتخابی افسران کی تعیناتی اور تقرری الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے ذریعے ہی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کی لوکل گورنمنٹ کی معیاد 14 فروری 2021 کو ختم ہو چکی تھی۔ آئین کے مطابق، کمیشن اور وفاقی حکومت 120 دن کے اندر انتخابات کرانے کے پابند ہیں، مگر مختلف وجوہات کی بنا پر یہ انتخابات مسلسل ملتوی ہوتے رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے اب تک پانچ بار حلقہ بندیاں اور تین بار انتخابی شیڈول جاری کیا، لیکن متعلقہ اداروں سے خط وکتابت کے باوجود انتخابات ممکن نہیں ہو سکے۔
















