ایران نے بھارتیوں کی ویزا فری انٹری ختم کردی

ایرانی حکومت کے مطابق ویزا فری سہولت کا بھارت نے بری طرح غلط استعمال کیا
شائع 18 نومبر 2025 10:29am

ایران نے بالآخر وہ بڑا قدم اٹھا لیا ہے جس کا اعلان کافی عرصے سے متوقع تھا۔ بھارت کے شہریوں کے لیے یکطرفہ ویزا فری داخلہ 22 نومبر 2025 سے مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔ بھارتی شہریوں کی بڑھتی ہوئی مجرمانہ سرگرمیوں، جعلی نوکریوں کے جھانسے اور اغوا برائے تاوان جیسے واقعات نے نہ صرف ایران بلکہ پورے خطے کی سکیورٹی کو خطرے میں ڈال دیا تھا، جس کی وجہ سے ایران نے یہ فیصلہ لیا۔

ایرانی حکومت کے مطابق ویزا فری سہولت کا بھارت نے بری طرح غلط استعمال کیا۔ بھارتی شہری جعلی ایجنٹوں کے ذریعے ایران پہنچتے، پھر وہاں جرائم پیشہ گروہ ان کا استعمال غیر قانونی سرگرمیوں، اسمگلنگ، منی لانڈرنگ اور بعض صورتوں میں دہشت گرد نیٹ ورکس تک کے لیے کرتے تھے۔ کئی بھارتی باشندوں نے جھوٹے بہانے بنا کر ایران میں داخل ہو کر ملک کے اندر عدم استحکام پھیلانے کی کوشش بھی کی۔

بھارت میں ایران کے مفادات پر ہونے والے حملوں، سوشل میڈیا پروپیگنڈا مہمات اور ایران مخالف بھارتی بیانیے نے بھی دونوں ملکوں کے تعلقات کو نقصان پہنچایا۔ ایران نے واضح طور پر کہا کہ بھارتی شہریوں کی ”مشکوک سرگرمیوں“ نے انہیں اس اقدام پر مجبور کیا۔

فٹبال ورلڈ کپ شائقین کے لیے امریکی ویزا میں خصوصی ترجیح کا اعلان

AAJ News Whatsapp

بھارتی وزارتِ خارجہ نے گھبراہٹ میں نئی ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں اعتراف کیا گیا ہے کہ کئی بھارتی شہری جھوٹے روزگار کے وعدوں پر ایران پہنچے اور پھر وہیں اغوا کر لیے گئے۔ بھارتی حکومت کے مطابق ایسے واقعات اس حد تک بڑھ گئے تھے کہ ایران کو مجبوراً ویزا فری سہولت ختم کرنا پڑی۔ یہ وہی سہولت تھی جو ایران نے ”دوستی“ کے نام پر بھارت کے لیے مخصوص طور پر رکھی ہوئی تھی، لیکن دہلی نے اس کا ایسا غلط استعمال کیا کہ اب پورا دروازہ بند کر دیا گیا ہے۔

ایران کے نئے قوانین کے تحت کسی بھی بھارتی شہری کو ایران میں داخل ہونے یا صرف ٹرانزٹ کے لیے بھی ویزا لازمی لینا ہوگا۔ ایئرلائنز کو سختی سے حکم دیا گیا ہے کہ بغیر ویزا کے کسی بھارتی کو بورڈنگ نہ دی جائے۔ جعلی بھارتی ایجنٹوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا بھی مطالبہ کیا جا رہا ہے، جو بھارتیوں کو دھوکے سے ایران بھیجتے تھے۔

ایران کے اس فیصلے نے دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ بھارت اب سفری اعتبار سے ”ہائی رسک ملک“ تصور کیا جا رہا ہے۔ ایران کا کہنا ہے کہ ویزا فری سہولت اسی وقت ہوسکتی ہے۔

ایران میں ہر سال ہزاروں بھارتی سیاحت کے نام پر آتے تھے، مگر بڑھتے جرائم، بھارتی گروہوں کی مشکوک سرگرمیوں اور انسانی اسمگلنگ کے واقعات نے ایرانی حکام کو سخت اقدامات اٹھانے پر مجبور کر دیا۔

india

Iran

Iran Visa Free Entry