کراچی: ٹریفک پولیس کو ٹریکرز کا کنٹرول نہ دینے والے ڈمپرز اور ٹینکرز پر پابندی عائد

ٹریفک پولیس کے کنٹرول کے بغیر کوئی ہیوی وہیکل سڑک پر نہیں چلے گی
شائع 15 نومبر 2025 03:20pm

کراچی میں ہیوی ٹریفک سے ہونے والے بڑھتے حادثات خصوصاً رزاق آباد کے حالیہ واقعے کے بعد ٹریفک پولیس نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اب شہر میں صرف وہی ڈمپر اور واٹر ٹینکر چل سکیں گے جن کے ٹریکرز کا کنٹرول براہِ راست ٹریفک پولیس کے پاس ہوگا۔ کنٹرول نہ دینے والی گاڑیوں پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے بتایا کہ رزاق آباد حادثے کے بعد ڈمپر اور واٹر ٹینکرز پر سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق حادثے کا ذمہ دار ڈمپر ٹریکر کے بغیر چل رہا تھا، جس کے باعث بروقت اس کی نقل و حرکت پر نظر نہیں رکھی جا سکی۔ حادثے میں ایک رکشہ ڈرائیور جان کی بازی ہار گیا جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے اور قریبی دکان سمیت ایک وین کو بھی نقصان پہنچا۔

AAJ News Whatsapp

ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا کہ کراچی میں اب صرف وہی ہیوی وہیکلز چلنے کی اجازت ہوگی جن کا ٹریکر کنٹرول ٹریفک پولیس کے پاس ہوگا۔ کئی ڈمپرز اور واٹر ٹینکرز پر ٹریکرز نصب ہیں لیکن کنٹرول پولیس کو فراہم نہیں کیا گیا، جس پر بھی اب پابندی ہوگی۔

کراچی میں واٹر ٹینکر نے ایک اور موٹر سائیکل سوار کی جان لے لی

کراچی میں واٹر ٹینکر جلنے کے بعد ڈرائیوروں میں خوف، مالکان نے ٹینکر کھڑے کردیے

انہوں نے واضح کیا کہ ، جس گاڑی کا کنٹرول ٹریفک پولیس کے پاس ہوگا، صرف اسے استثنیٰ دیا جائے گا۔ استثنیٰ والی ہیوی گاڑیاں بھی صرف اپنے مقررہ اوقات کار میں چل سکیں گی اور ٹریکر لگے ڈمپر اور ٹینکرز کے مالکان کو ہدایت ہے کہ فوری طور پر ٹریفک پولیس سے رابطہ کرکے ٹریکر کا مکمل کنٹرول حوالے کریں۔

ڈی آئی جی پیر محمد شاہ کا کہنا تھا کہ کنٹرول دیے بغیر اب کراچی کی سڑکوں پر کوئی ڈمپر یا واٹر ٹینکر نہیں چل سکے گا۔ سڑکوں پر چیکنگ کے دوران بغیر ٹریکر یا بغیر کنٹرول والی گاڑیاں موقع پر ہی ضبط کر لی جائیں گی۔

tracker control

to be given

traffic police required

and water tankers

Ban on dumpers