اوپن اے آئی نے چیٹ جی پی ٹی کے بار بار ’لمبے — ڈیش‘ کے استعمال کا مسئلہ حل کردیا
اوپن اے آئی نے بالآخر اپنے مشہور چیٹ بوٹ میں لمبے ”ایم ڈیش“ (—) کے زیادہ استعمال کا مسئلہ حل کر لیا ہے۔ کمپنی کے سی ای او سیم آلٹ مین نے اعلان کیا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی اب صارف کی ہدایات کے مطابق ایم ڈیش استعمال کرنے سے گریز کر سکتا ہے۔ انہوں نے اسے صارفین کے لیے ایک چھوٹی مگر خوش کن کامیابی قرار دیا۔
گزشتہ دو سال سے صارفین شکایت کر رہے تھے کہ چاہے وہ کتنی بھی وضاحت کریں، چیٹ جی پی ٹی اپنے جوابات میں لمبے ڈیش کے استعمال سے باز نہیں آتا تھا۔ اب آلٹ مین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر اعلان کیا کہ اگر صارف اپنی ہدایات میں لکھیں کہ لمبا ڈیش استعمال نہ کیا جائے، تو چیٹ بوٹ اس کی پابندی کرے گا۔
سام سنگ، ایپل کے مقابلے میں کریڈٹ کارڈ لانچ کرنے کو تیار
چیٹ جی پی ٹی کو جب بغیر لمبے ڈیش کے لکھنے کو کہا گیا، تو اس نے جواب دیا، ’سمجھ گیا! میں اپنے تمام جوابات میں لمبے ڈیش استعمال نہیں کروں گا۔‘
یہ نئی سیٹنگ میموری میں محفوظ ہو گئی ہے اور اب مستقبل کے جوابات کے لیے بھی یاد رکھی جائے گی۔
یہ مسئلہ بظاہر چھوٹا لگ سکتا ہے، لیکن ایڈیٹرز اور اے آئی کے شوقین اسے چیٹ جی پی ٹی کی سب سے مشہور عادت سمجھتے تھے۔ تاہم بعض صارفین نے تبصرہ کیا کہ ابھی ان کے اکاؤنٹس میں یہ مکمل طور پر مؤثر نہیں ہوا، یہ مسئلہ ابھی برقرار ہے اور چیٹ جی پی ٹی کبھی کبھار دیش استعمال کرتا رہتا ہے۔
کچھ نے ہنستے ہوئے کہا کہ ماڈل ابھی بھی حقائق میں غلطیاں کرتا ہے، جیسے کہ انتخابات کے بعد بھی جو بائیڈن کو صدر ظاہر کرنا۔
نیا فیچر: گروپ چیٹس
اسی دوران اوپن اے آئی نے چیٹ جی پی ٹی کے لیے گروپ چیٹس کا فیچر بھی متعارف کروا دیا ہے۔ یہ فیچر واٹس ایپ گروپس کی طرح کام کرتا ہے۔
صارفین لنک کے ذریعے گروپ بنا سکتے ہیں اور زیادہ سے زیادہ 20 افراد شامل کر سکتے ہیں۔
گروپ میں چیٹ جی پی ٹی اسسٹنٹ کے طور پر موجود رہتا ہے، خیال سازی، سوالات کے جواب اور مباحثے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
آئی فون رکھنے کا تھیلا 65 ہزار روپے میں: ’کون خریدے گا؟‘
یہ فیچر ابھی پائلٹ مرحلے میں ہے اور صرف کچھ ملکوں جیسے جاپان، نیوزی لینڈ، جنوبی کوریا اور تائیوان میں دستیاب ہے، مگر جلد دیگر ممالک میں بھی پیش کیا جائے گا۔
اوپن اے آئی کی توسیع اور نئے اقدامات
یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ اوپن اے آئی نئے تجربات کر رہا ہو۔ چند ہفتے قبل کمپنی نے Sora نامی اےآئی ایپ متعارف کرائی، جس سے صارفین ٹک ٹاک یا انسٹاگرام ریلز کی طرح اے آئی جنریٹڈ ویڈیوز بنا اور شیئر کر سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ کمپنی نے اٹلس نامی اے آئی براؤزر بھی لانچ کیا، جو میک صارفین کے لیے Google Chrome، Brave اور Comet کا متبادل ہے۔
۔
















