اپوزیشن کا 27 ویں ترمیم کے خلاف اسمبلیوں میں احتجاج اور ملک گیر یوم سیاہ منانے کا اعلان

تحریک تحفظ آئین پاکستان نے 27 ویں آئینی ترمیم کو آئین کے بنیادی ڈھانچے پر حملہ قرار دے دیا
شائع 14 نومبر 2025 09:29pm

اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان نے 27 ویں آئینی ترمیم کو آئین کے بنیادی ڈھانچے پر حملہ قرار دے دیا اور پیر کو قومی اسمبلی میں احتجاج اور جمعے کو ملک گیر یوم سیاہ منانے کا اعلان کردیا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شخصی بنیاد پر آئین میں ترامیم کو مسترد کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ آئین کو اصل شکل میں بحال کیا جائے۔

جمعے کو تحریک تحفظ آئین پاکستان کے صدر محمود خان اچکزئی کی زیرصدارت اجلاس میں اسد قیصر، علامہ راجہ ناصر عباس، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان، سلمان اکرام راجہ، سربراہ بلوچستان نیشنل پارٹی اختر مینگل، سندھ یونائیٹڈ پارٹی زین شاہ، بلوچستان نیشنل پارٹی ساجد ترین، مصطفی نواز کھوکھر، فردوس شمیم نقوی اور دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس کے بعد جاری کیے گئے اعلامیہ کے مطابق 27 ویں آئینی ترمیم بشمول 26 ویں ترمیم آئین کی بنیادی ڈھانچے کے خلاف ہے اور جمہوریت کی بنیادی ستوں عدلیہ پر ایک وار ہے جس نے عدلیہ کو انتظامیہ کے ماتحت کر دیا ہے، عدلیہ کو انتظامیہ کے ماتحت کرنے کی کوشش ناقابل قبول ہے، شخصی بنیاد پر آئین میں ترامیم کو مسترد کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ آئین کو اصل شکل میں بحال کیا جائے۔ ان متنازع آئینی ترامیم نے عدلیہ کو مکمل طور پر تباہ کر دیا اور سپریم کورٹ کا اختیار و وجود محدود کر دیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان سپریم کورٹ کے سیئنر جج جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ کے استعفے کو اس آئین پر ڈکیتی کے سامنے ایک مزاحمت کے طور پر تعبیر کرتی ہے اور آئین پسند حلف کے پاسدار ججز کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ خیبر پختونخوا امن جرگے کے اعلامیہ کی تحریک تحفظ آئین پاکستان مکمل طور پر حمایت کرتی ہے اور اس پر عمل در آمد کا مطالبہ کرتی ہے۔

AAJ News Whatsapp

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ بروز پیر ممبران قومی اسمبلی اور سینیٹ، قومی اسمبلی سے سپریم کورٹ تک واک کریں گے۔ خیبر پختونخوا اسمبلی میں 27 ویں آئینی ترمیم کے خلاف قرار داد پیش کی جائے گی۔ اسی طرح ممبران پنجاب اسمبلی بروز پیر پنجاب اسمبلی سے لاہور ہائیکورٹ تک مارچ کریں گے۔ لاہور میں وکلاء اجتجاج میں بھرپور شرکت کی جائے گی اور اگلے جمعے کو ملک بھر میں یوم سیاہ منایا جائے گا۔

اعلامے کے مطابق تحریک تحفظ آئین پاکستان بانی پی ٹی آئی عمران خان، ان کی اہلیہ بشری بی بی اور پاکستان تحریک انصاف کی جملہ قیادت و کارکنان کی فی الفور رہائی کا مطالبہ کرتی ہے، تحریک تحفظ آئین پاکستان بلوچ یکجہتی کمیٹی کے پابند سلاسل قیادت و کارکنان کی فی الفور رہائی کا مطالبہ کرتی ہے۔

26th Constitutional Amendment

27th Constitutional Amendment

opposition alliance

27th Ammendment

27th Constitutional

Tehreek e Tahaffuz e Aaeen e Pakistan