فل کورٹ اجلاس: سپریم کورٹ رولز 2025 میں اہم ترامیم متفقہ طور پر منظور
سپریم کورٹ آف پاکستان کے فل کورٹ اجلاس میں سپریم کورٹ رولز 2025 میں ترامیم متفقہ طور پر منظور کرلی گئیں جب کہ سپریم کورٹ نے سینئر ایڈووکیٹ کا اسٹیٹس محمد منیر پراچہ کو دے دیا۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت سپریم کورٹ کا فل کورٹ اجلاس منعقد ہوا، جس میں سپریم کورٹ کے ججز نے شرکت کی ، اجلاس میں سپریم کورٹ رولز 2025 میں ترامیم اور سینئر ایڈووکیٹس کے اسٹیٹس سے متعلق امور زیر بحث آئے۔
فل کورٹ کے جاری اعلامیے کے مطابق فل کورٹ نے کمیٹی کی سفارشات پر رولز 2025 اپ ڈیٹ کر دیے، کمیٹی میں جسٹس شاہد وحید، جسٹس عرفان سعادت، جسٹس نعیم افغان شامل تھے۔
اجلاس میں سپریم کورٹ رولز 2025 میں ترامیم متفقہ طور پر منظور کرلی گئیں۔ اعلامیے کے مطابق نئے رولز میں سستے اور فوری انصاف کے تقاضوں کو ترجیح دی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق سپریم کورٹ نے سینئر ایڈووکیٹ کا اسٹیٹس محمد منیر پراچہ کو دے دیا۔













