استعفے دے کر کسی نے کوئی تیر نہیں چلایا، ویسے بھی سروس میں وقت کم ہی بچا تھا: فیصل واوڈا

اب پراکسیز کا حساب ہوگا، قوم کو سمجھ آگئی ہوگی کہ کون کس پارٹی کا سہولت کار تھا، سابق وفاقی وزیر
شائع 13 نومبر 2025 11:44pm

سابق وفاقی وزیر سینیٹر فیصل واوڈا نےکہا ہےکہ ابھی شروعات ہے جو استعفے آتے ہیں وہ فوری منظور ہوں گے، مزید استعفے آئیں گے وہ بھی فوری منظور کیے جائیں گے، استعفے دے کر کسی نے کوئی تیر نہیں چلایا، ویسے بھی سروس میں وقت کم ہی بچا تھا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ٹویٹ میں سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ وہ جس ہلچل کا ذکر پچھلے تین چار دن سےکر رہے تھے، چائے کی پیالی میں وہ طوفان لانےکی کوشش ناکام ہوگئی۔

فیصل واوڈا نےکہا کہ ابھی تو شروعات ہے مزید استعفے بھی آئیں گے، استعفے دے کر کسی نے کوئی تیر نہیں چلایا ، ویسے بھی سروس میں وقت کم ہی بچا تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ لفظ یاد رکھیں کہ اب پراکسیز کا حساب ہوگا، قوم کو سمجھ آگئی ہوگی کہ کون کس پارٹی کا سہولت کار تھا۔

28 ویں ترمیم میں عوام کے لیے بہت کچھ ہوگا، فیصل واوڈا

دوسری جانب آج نیوز کے پروگرام ”روبرو“ میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ 27 ویں آئینی ترمیم میں ملکی دفاع پر توجہ رہی، کبھی پاکستان میں انصاف ہوتا نظر نہیں آیا، بھٹو صاحب کو پھانسی دی گئی، بعد میں کہا غلط تھا، بانی پی ٹی آئی کو صادق و امین کہہ کر جیل میں ڈال دیاگیا۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا کو آزادی بھی آمر نے دی، جمہوریت نے نہیں، جمہوریت نے اسپتال، اسکول، بجلی اور پانی نہیں دیا، 75 سال کا خرابہ ایک دن میں درست نہیں ہوسکتا، 27 ویں ترمیم میں ہم نے اپنی فورسز کو طاقتور کیا، 28 ویں ترمیم میں عوام کے لیے بہت کچھ ہوگا۔

AAJ News Whatsapp

سینیٹر فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ ایوانوں میں انگوٹھا چھاپ بھی موجود ہیں، اسمبلی میں مخالف ووٹ بھی رجسٹرڈ ہونا چاہئیں، پی ٹی آئی نے مخالفت میں بھی ووٹ نہیں دیا، سہیل آفریدی کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوجائے گی، مصطفی کمال کی تجویز جائز ہے، وزیراعلی کے پی نے اچھا کام کیا تو تعریف کریں گے۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہمیں نئے جوانوں کو موقع دینا ہوگا، سہیل آفریدی 26 نومبر کو چڑھائی کرتے نظر نہیں آتے، 18 ویں ترمیم واپس نہیں ہوگی، جو 28 ترمیم میں بھی نہیں ہوگا وہ 29 ویں میں ہوجائے گا، صدر زرداری بھی 14سال کی قیدکاٹ چکے ہیں، آپ ریاست سے جنگ نہیں کرسکتے۔

27th Constitutional Amendment

faisal wavda

27th Ammendment

senator faisal wavda