جسٹس صلاح الدین پنہور کا چیف جسٹس کو خط: 27ویں ترمیم پر فل کورٹ اجلاس بلانے کا مطالبہ

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے فُل کورٹ اجلاس کل طلب کرلیا۔
اپ ڈیٹ 13 نومبر 2025 05:35pm

سپریم کورٹ کے جج جسٹس صلاح الدین پنہور نے چیف جسٹس کو خط میں 27ویں آئینی ترمیم کا شق وار جائزہ لینے اور فل کورٹ اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ جس کے بعد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کل فُل کورٹ اجلاس طلب کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جسٹس صلاح الدین پنہور نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ وہ یہ قدم اپنے آئینی اور عدالتی فرض کے طور پر اٹھا رہے ہیں۔

انہوں نے چیف جسٹس سے کہا کہ فل کورٹ میٹنگ بلا کر ترمیم کی ہر شق کا تفصیلی جائزہ لیا جائے تاکہ آئین کے بنیادی ڈھانچے اور ادارہ جاتی توازن پر کوئی اثر نہ پڑے۔

AAJ News Whatsapp

خط میں جسٹس پنہور نے تجویز دی کہ اس اہم آئینی معاملے پر ”لاء اینڈ جسٹس کمیشن“ اور دیگر پالیسی ساز کمیٹیوں سے بھی مشاورت کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ 27ویں ترمیم سے اختیارات کا توازن متاثر ہو سکتا ہے، جسے آئین کے تحفظ کے لیے سپریم کورٹ کو یقینی بنانا ہوگا۔

انہوں نے اپنے خط میں لکھا کہ ”تاریخ ہماری آسانیوں کو نہیں بلکہ فیصلے کرنے کی ہمت کو یاد رکھتی ہے“، اس لیے عوامی اعتماد کے تحفظ کے لیے فوری طور پر فل کورٹ اجلاس بلایا جانا ضروری ہے۔

دوسری جانب چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی نے کل فُل کورٹ اجلاس طلب کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں 27ویں آئینی ترمیم پر غور کیا جائے گا۔

Chief Justice of Pakistan

justice yahya afridi

27th Constitutional Amendment

Justice Salahuddin Panhwar