پی سی بی کی سیریز بچانے کی ہرممکن کوشش، سری لنکن ٹیم کی سیکیورٹی بڑھانے کی یقین دہانی

وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی سری لنکن ٹیم سے ملاقات
شائع 13 نومبر 2025 12:25am

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ون ڈے سیریز اور ٹرائی سیریز کو بچانے کے لیے کوششیں شروع کردیں اور سری لنکن ٹیم کی سیکیورٹی بڑھانے کی بھی یقین دہانی کروائی ہے۔

سری لنکن کرکٹ ٹیم کے مینجرکا بیان سامنے آیا تھا کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی دورہ پاکستان ادھورا چھوڑ کر واپس جانا چاہتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی کی جانب سے ون ڈے سیریز اور ٹرائی سیریز کو بچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکن ٹیم کی سیکیورٹی بڑھانے کی یقین دہانی کروادی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی سری لنکن ٹیم سے ملاقات ہوئی ہے، اس ملاقات میں آئی جی اسلام آباد اور چیف کمشنر بھی وزیر داخلہ کے ہمراہ موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق سری لنکن ٹیم مینجمنٹ کی بھی کھلاڑیوں سے ون آن ملاقاتیں ہوئی ہیں اور سیریز کے بچاؤ کے حوالے سے مثبت پیش رفت کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق سری لنکن کوچنگ اسٹاف اور اکثر کھلاڑیوں کاپاکستان میں رکنے کا ارادہ ہے، متبادل کھلاڑیوں کو طلب کرنے کا آپشن بھی زیر غور ہے، سیریز شیڈول کو اسی مناسبت سے تبدیل کیا جاسکتا ہے، ون ڈے اور ٹی 20 ٹرائی نیشن سیریز کو جاری رکھا جائےگا، پی سی بی سری لنکن ٹیم کو سریز کھیلنے پر آمادہ کررہی ہے۔

AAJ News Whatsapp

اس سے قبل سری لنکن کرکٹ ٹیم نے آج کا پریکٹس سیشن منسوخ کر دیا تھا، پاکستان ٹیم نے آج آرام کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد سری لنکا کرکٹ ٹیم نےبھی شام میں شیڈول پریکٹس سیشن منسوخ کردیا تھا۔

واضح رہے کہ سری لنکا کو پاکستان کے خلاف سیریز کے بقیہ 2 ون ڈے میچز اور پھر پاکستان میں سہ ملکی سیریز کھیلنی ہے، پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ون ڈے کل راولپنڈی میں شیڈول ہے۔

PCB

odi series

pakistan vs sri lanka

odi cricket

Pakistan Security

PAKISTAN CRICKET BOARD (PCB)

sri lankan players