ٹینس چیمپیئن شپ فائنلز کے دوران 2 تماشائی دل کے دورے سے ہلاک

مرنے والوں کی عمریں 70 اور 78 سال تھیں، میچ کچھ دیر کے لیے روک دیا گیا
شائع 12 نومبر 2025 04:03pm

اٹلی کے شہر تورین میں ٹینس چیمپیئن شپ کے فائنلز کے دوران 2 تماشائیوں کی اچانک موت واقع ہو گئی۔

خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق اے ٹی پی فائنلز کے دوسرے دن دو شائقین دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہو گئے۔ اطالوی ٹینس فیڈریشن اور اے ٹی پی کی جانب سے جاری مشترکہ بیان کے مطابق یہ افسوسناک واقعات پیر کے روز اینالپی ایرینا میں پیش آئے۔

مرنے والوں کی عمریں 70 اور 78 سال تھیں اور دونوں کو مختلف اوقات میں دل کے دورے آئے۔

AAJ News Whatsapp

پہلا واقعہ اس وقت پیش آیا جب اطالوی کھلاڑی لورینزو موسیتی اور ٹیلر فِرٹز کے درمیان میچ جاری تھا۔ اچانک ایک اعلان کیا گیا کہ اسٹیڈیم میں طبی ہنگامی صورتحال پیش آ گئی ہے، جس کے بعد میچ کچھ دیر کے لیے روک دیا گیا۔

مشترکہ بیان میں کہا گیا “اطالوی ٹینس اور پیڈل فیڈریشن اور اے ٹی پی دونوں گزشتہ روز ہونے والے افسوسناک سانحات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔ طبی عملے نے فوری کارروائی کی اور مریضوں کو اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم تمام تر کوششوں کے باوجود دونوں افراد جانبر نہ ہو سکے۔”

اے ٹی پی فائنلز کا انعقاد تُورین میں 2021 سے کیا جا رہا ہے، اور شہر کو 2026 تک ایونٹ کی میزبانی دی گئی ہے۔ حالیہ معاہدے کے تحت ٹورنامنٹ 2030 تک اٹلی ہی میں منعقد ہوگا۔

پیر کے روز اسٹیڈیم میں بڑی تعداد میں شائقین موجود تھے، جو نہ صرف موسیتی بلکہ اپنے ملکی ہیرو، ڈیفینڈنگ چیمپئن یانک سینر کی حوصلہ افزائی کے لیے بھی آئے تھے۔ سینر نے اپنے میچ میں کینیڈین کھلاڑی فیلکس اوگر الیاسیِم کو شکست دی۔

Italy

of ATP Finals

second day

die on

Two fans