پہلا ون ڈے: پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کو 6 رنز سے شکست دے دی

300 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 293 رنز ہی بناسکی، پاکستان کو سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل
اپ ڈیٹ 12 نومبر 2025 12:00am

پہلے ون ڈے میں پاکستان نے دلچسپ سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کو 6 رنز سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔

منگل کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان 3 میچوں کی سیریز کا پہلا ون ڈے کھیلا گیا، جہاں سری لنکا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے سلمان علی آغا کی شاندار سنچری کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 299 رنز بنائے تاہم 300 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 293 رنز ہی بناسکی۔

پاکستان کی بیٹنگ

قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز اوپننگ بیٹر فخر زمان اور صائم ایوب نے کیا تاہم چوتھے اوور کی پہلی گیند پر صائم ایوب 6 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

فخر زمان اور بابر اعظم نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 54 رنز بنائے تاہم فخر زمان 18 ویں اوور میں 68 کے مجموعی اسکور پر 55 گیندوں پر 32 رنز بنانے کے بعد ہسارنگا کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں اسٹمپ ہوگئے۔

گرین شرٹس کی تیسری وکٹ 76 رنز پر گری اور محمد رضوان بھی 5 رنز بنانے کے بعد ہسارنگا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے جب کہ بابر اعظم بھی زیادہ دیر مزاحمت نہ کرسکے اور 95 کے مجموعی اسکور پر 51 گیندوں پر 29 رنز بناکر ہسارنگا کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

AAJ News Whatsapp

ایسے میں حسین طلعت اور سلمان علی آغا نے 138 رنز کی شاندار شراکت داری قائم کی اور ٹیم کا اسکور 233 رنز تک پہنچایا، جس کے بعد حسین طلعت 63 گیندوں پر 62 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

دوسری جانب سلمان علی آغا ڈٹے رہے اور شاندار سنچری اسکور کی، انہوں نے 87 گیندوں پر 105 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جب کہ ان کی اننگ میں 9 چوکے شامل تھے۔

اس کے علاوہ اختتامی اوورز میں محمد نواز بھی شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 23 گیندوں پر 36 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

یوں پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں پر 299 رنز اسکور کیے اور سری لنکا کو جیت کے لیے 300 رنز کا ہدف دیا۔

سری لنکا کی جانب وانندو ہاسارنگا نے 3 جب کہ اسیتھا فرنینڈو اور مہیش تھیکشنا نے ایک،ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

سری لنکا کی بیٹنگ

پاکستان کے 300 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن اوپنر پاتھم نسانکا، کمیل مشارا نے ٹیم کو 85 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا، جس کے بعد یکے بعد دیگر 3 وکٹیں گر گئیں۔ کمیل مشارا 38، پاتھم نسانکا 29 اور کوسل مینڈس صفر پر آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد سدیرا سماراوکراما اور چرِتھ اسالنکا کے درمیان چوتھی وکٹ پر 57 رنز کی شراکت قائم ہوئی اور دونوں بلے بازوں نے ٹیم کا اسکور 147 رنز تک پہنچایا تو سدیرا سماراوکراما 39 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ ابتدائی چاروں سری لنکن بلے بازوں کو حارث رؤف نے آؤٹ کیا۔

سری لنکا کا اسکور 183 تک پہنچا تو چرِتھ اسالنکا بھی 32 رنز بناکر محمد نواز کا شکار بن گئے۔ اس کے بعد 191 کے اسکور پر دیلشن لیانگے بھی 28 رنز بنانے کے بعد نسیم شاہ کے ہاتھوں کلین بولڈ ہوگئے۔

210 کے اسکور پر سری لنکا کو 7 واں نقصان اٹھانا پرا، دُشمنتا چمیرا 7 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، کمینڈو مینڈس بھی وکٹ پر زیادہ دیر ٹھہر نہ سکے اور 247 کے مجموعی اسکور پر مینڈس 9 رنز بناکر فہیم اشرف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

ایک طرف سے سری لنکا کی وکٹیں گرتی رہی تو دوسری طرف آٹھویں نمبر بیٹنگ کرنے آنے والے ونانندو ہسارنگا کریز پر ڈٹ رہے اور شاندار نصف سنچری اسکور کی۔

ہاسارنگا نے 52 گیندوں پر 59 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو ہدف کے قریب پہنچایا تاہم وہ لنکن ٹائیگرز کو جیت دلانے میں ناکام رہے اور وہ 49 ویں اوور میں نسیم شاہ کی گیند پر کیچ آوٹ ہو گئے۔

مہیش تھیکشنا نے بھی تھوڑی بہت مزاحمت کی لیکن ان کی 21 رنز کی اننگز سری لنکن ٹیم کے کسی کام نہ آسکی۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 10 اوورز میں 61 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ فہیم اشرف اور نسیم شاہ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں اور محمد نواز کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

اس طرح سری لنکا کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کےنقصان پر 293 رنز بناسکی، یوں پاکستان نے سری لنکا کے خلاف پہلے ون ڈے میں 6 رنز سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے 3 میچوں کی سیریز میں 0-1کی برتری حاصل کرلی۔

میچ کا ٹاس

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے 3 میچوں کی سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں سری لنکا کے کپتان چرِتھ اسالنکا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

ٹاس کے بعد کی گئی گفتگو میں پاکستان ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ ہم بھی ٹاس جیت کر پہلے بولنگ ہی کرتے کیونکہ یہاں شبنم اثرانداز ہوتی ہے، پنڈی ایک ہائی اسکورنگ گراؤنڈ ہے، اس سیریز میں بھی پچھلی سیریز کی طرح اچھا کرنے کی کوشش کریں گے۔

سری لنکن ٹیم کے کپتان چرِتھ اسالنکا کا کہنا تھا کہ پچ ٹھیک ہے لیکن شبنم پڑنے کا امکان ہے، ہماری ٹیم میں کوئی خاص تبدیلی نہیں، البتہ ہسارنگا واپس آئے ہیں جب کہ کمیل مشارا آج اپنا ڈیبیو کر رہے ہیں، سیریز میں اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے۔

پاکستان کی ٹیم

پاکستان کی پلیئنگ الیون میں فخر زمان، صائم ایوب، بابر اعظم، محمد رضوان، سلمان علی آغا، حسین طلعت، محمد نواز، فہیم اشرف، نسیم شاہ، شاہین آفریدی اور حارث رؤف شامل ہیں۔

سری لنکا کی ٹیم

سری لنکن ٹیم پاتھم نسانکا، کمیل مشارا، کوسل مینڈس، سماراوکراما، چرِتھ اسالنکا، دیلشن لیانگے، کامندو مینڈس، ونانندو ہسارنگا، دُشمنتا چمیرا، مہیش تھیکشنا اور اسِتھا فرنینڈو پر مشتمل ہے۔

قومی اسکواڈ میں تبدیلی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے قومی اسکواڈ میں ایک تبدیلی کی ہے، مڈل آرڈر بیٹر حسن نواز کو ڈومیسٹک کرکٹ میں واپس بھیج کر ان کی جگہ عبدالصمد کو شامل کیا گیا ہے۔

شاہین شاہ آفریدی کی بحیثیت کپتان یہ دوسری ون ڈے سیریز ہے۔ شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں پاکستان ٹیم نے جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے سیریز میں 1-2 سے فتح حاصل کی ہے۔

واضح رہے کہ سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز آج سے 15 نومبر تک راولپنڈی میں کھیلی جائے گی جب کہ ٹرائی نیشن سیریز 17 سے 29 نومبر تک ہوگی، ٹرائی نیشن سیریز میں پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے کی ٹیمیں شامل ہوں گی۔

ہیڈ ٹو ہیڈ مقابلے

پاکستان اور لنکن ٹائیگرز کے درمیان 1982 سے جاری باہمی مقابلوں میں گرین شرٹس کو واضح برتری حاصل ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 157 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے جاچکے ہیں، جن میں سے 93 پاکستان نے جیتے جب کہ 59 میں سری لنکا نے کامیابی حاصل کی۔ ایک میچ ٹائی ہوا اور 4 میچز بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگئے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم گزشتہ 10 برسوں سے سری لنکا کے خلاف کسی ون ڈے سیریز میں شکست سے دوچار نہیں ہوئی۔ اب تک دونوں ٹیمیں 20 دوطرفہ ون ڈے سیریز کھیل چکی ہیں جن میں سے پاکستان نے 14 اور سری لنکا نے 6 میں کامیابی حاصل کی ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں 2 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے جا چکے ہیں جن میں دونوں ٹیموں نے ایک ایک میچ میں کامیابی حاصل کر رکھی ہے۔

کمنٹری پینل کا اعلان

دوسری جانب پی سی بی نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے لیے کمنٹری پینل کا اعلان کردیا ہے۔

کمنٹری پینل میں سری لنکا کے سابق مڈل آرڈر بیٹر رسل آرنلڈ اور آف اسپنر روشن ابے سنگھے کے ساتھ عامر سہیل اور فاسٹ بولر وقار یونس شامل ہیں۔

سابق ویمن کرکٹر عروج ممتاز بھی کمنٹری ٹیم کو جوائن کریں گی جبکہ زینب عباس سیریز پریزنٹر کے طور پر میزبانی کے فرائض انجام دیں گی۔

rawalpindi

cricket

odi series

Cricket News

pakistan vs sri lanka

odi cricket