اسلام آباد میں خودکش دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی
وفاقی دارالحکومت کے علاقے جی الیون میں کچہری کے باہر ہونے والے خودکش دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے۔**
سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ دھماکا پولیس کی گاڑی کے قریب ہوا، جس کے نتیجے میں قریبی وکلا اور عام شہری بھی زد میں آئے۔
ویڈیو میں دھماکے سے چند لمحے قبل ایک مشکوک شخص کو پولیس گاڑی کے نزدیک کھڑا دیکھا جاسکتا ہے، جس کے فوراً بعد زوردار دھماکا ہوتا ہے۔
دھماکے کے باعث علاقے میں بھگدڑ مچ گئی جبکہ قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
واقعے کے بعد ریسکیو ٹیمیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر پہنچ گئے۔ زخمیوں اور لاشوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
یاد رہے کہ اس خودکش دھماکے میں 12 افراد شہید جبکہ 27 کے قریب زخمی ہوئے تھے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ حملہ بھارتی اسپانسرڈ افغان طالبان کی پراکسی تنظیم “فتنہ الخوارج” کی کارروائی تھی۔
وزیرداخلہ محسن نقوی کے مطابق خودکش بمبار عدالت کے اندر داخل ہونا چاہتا تھا لیکن ناکامی پر پولیس گاڑیوں کو نشانہ بنایا۔













