بھارتی اداکارہ کا فوجی بھائی یو اے ای میں گرفتار
بھارتی اداکارہ سیلینا جیتلی نے اپنے بھائی، میجر وکرنت کمار جیتلی کے لیے ایک جذباتی اور فکر انگیز پوسٹ شیئر کی ہے۔ ان کے بھائی کو مبینہ طور پر گزشتہ ایک سال سے متحدہ عرب امارات میں حراست میں رکھا گیا ہے۔
انسٹاگرام پر سیلینا نے لکھا، ”میرا ڈمپی، امید ہے تم ٹھیک ہو، امید ہے تم جانتے ہو کہ میں تمہارے ساتھ ایک مضبوط ستون کی طرح کھڑی ہوں، امید ہے تم جانتے ہو کہ میں نے تمہارے لیے ایک بھی رات بغیر آنسو بہائے نہیں گزاری، امید ہے تم جانتے ہو کہ میں ہر چیز قربان کرنے کو تیار ہوں…“
یہ جذباتی پوسٹ اس وقت منظر عام پر آئی ہے جب دہلی ہائی کورٹ نے مرکزی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ چار ہفتوں کے اندر میجر وکرنت کمار جیتلی کے معاملے کی تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔
خاندان نے حکومت سے مداخلت کی درخواست کی ہے کیونکہ انہیں خدشہ ہے کہ میجر جیتلی ابوظہبی میں مناسب قانونی یا طبی سہولیات کے بغیر حراست میں ہیں۔ سیلینا کے وکیل راگھو ککر کے مطابق، ایک نوڈل افسر مقرر کیا گیا ہے تاکہ درخواست گزار اور ان کے بھائی کے درمیان رابطہ ممکن بنایا جا سکے اور انہیں مؤثر قانونی مدد فراہم کی جا سکے۔
سیلینا نے پہلے بھی اپنے انسٹاگرام پیغام میں کہا تھا، ”ایک سال تک میں تمہارے لیے کوشش کرتی رہی۔ اب میں دعا کر رہی ہوں کہ ہماری حکومت تمہارے لیے لڑے اور تمہیں محفوظ واپس لے آئے۔ میں یقین رکھتی ہوں کہ بھارت کی حکومت ہر ممکن کوشش کرے گی تاکہ ایک چوتھی نسل کے فوجی، بیٹے اور پوتے کی حفاظت ہو، جنہیں کمنڈیشن فار گیلینٹری سے نوازا گیا ہے۔“
میجر وکرنت کمار جیتلی اسپیشل فورسز میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ان کا کیس 4 دسمبر کو دوبارہ سماعت کے لیے پیش کیا جائے گا، جس کی پیروی وکلاء راگھو ککر اور مدھو اگروال کریں گے۔
















