اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا آرٹیکل 248 کے تحت استثنیٰ لینے سے انکار
سینیٹ اور قومی اسمبلی کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی برائے قانون و انصاف کے اجلاس میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے آرٹیکل 248 کے تحت استثنیٰ لینے سے یکسر انکار کردیا۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی میں جب صدر ، وزیراعظم کو استثنی کی بات ہوئی تو چیئرمین سینیٹ اور سپیکر قومی اسمبلی کے لیے بھی استثنی کی تجویز سامنے آئی، سینیٹ چیئرمین اور اسپیکر قومی اسمبلی کے آئینی عہدے ہونے کی وجہ سے یہ تجویز دی گئی۔
تجویز قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون وانصاف کے چیئرمین محمود بشیر ورک نے دی، چیئرمین سینیٹ اور سپیکر قومی اسمبلی آرٹیکل 2 میں آتے ہیں۔
محمود بشیر ورک کی تجویز دیتے ہوئے کہا گورنرز آرٹیکل 4 میں آتے ہیں مگر ان کو استثنیٰ ہے تو اسپیکر اور چیئرمین کو کیوں نہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ کمیٹی کے اراکین نے محمود بشیر ورک کی تجویز سے اتفاق کرلیا تھا، جب یہ بات سردار ایاز صادق کے علم میں آئی تو انہوں نے اس کی کھل کر مخالفت کی۔
سردار ایاز صادق نے کمیٹی چیئرمین محمود بشیر ورک کو بھی اس حوالے سے منع کردیا اور کہا میں عوام کا منتخب کردہ نمائندہ پہلے ہوں، عہدے دار بعد میں کوئی استثنیٰ نہیں چاہیے، مجھے بطور اسپیکر استثنیٰ چاہیے نہ ہی بعد میں میں کسی صورت استثنیٰ نہیں لوں گا۔











