وزیراعظم کا حکومتی و اتحادی سینیٹرز کے اعزاز میں عشائیہ، 27 ویں ترمیم کی منظوری پر تعاون کا شکریہ
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاق کی مضبوطی، ملک کے وسیع مفاد، صوبوں کے درمیان ہم آہنگی بڑھانے اور گورننس کو بہتر بنانے کی غرض سے 27ویں آئینی ترمیم کے لیے ہم سب نے مل کر کوشش کی، تمام اتحادی جماعتوں نے قومی سوچ کا بھرپور ساتھ دیا، ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہے۔
اتوار کو وزیرِ اعظم شہباز شریف نے حکومتی اور اتحادی جماعتوں کے سینیٹرز کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں عشائیہ دیا، جس میں اتحادی جماعتوں کے سینئٹرز اور وفاقی وزرا سمیت ن لیگ، پیپلز پارٹی، ایم کیوایم، بلوچستان عوامی پارٹی اور اے این پی کے سینٹرز بھی شریک ہوئے۔
وزیراعظم کی جانب سے اتحادی جماعتوں کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں لذید کھانوں سے تواضع کیا گیا، عشائیے میں مہمانوں کی تواضع چانپ، مٹن کڑاہی، فش، پلاو، پائے، بار بی کیو سمیت دیگر پکوانوں سے کی گئی۔
اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے تمام سینیٹرز کا خیر مقدم اور 27 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے عمل میں ان کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری اور تمام اتحادی جماعتوں کے سربراہوں کا مشکور ہوں، تمام اتحادی جماعتوں نے اس قومی سوچ کا بھرپور ساتھ دیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ وفاق کی مضبوطی، صوبوں میں ہم آہنگی بڑھانے اور گورننس بہتر کرنے کے لیے سب نے مل کر کوشش کی، حکومت کے دوران حاصل کیے گئے تمام سنگ میل حکومت اور اتحادی جماعتوں کے باہمی تعاون کا نتیجہ ہیں، پاکستان کی سفارتی کامیابیاں اور دنیا میں نام تمام اتحادی جماعتوں کے مابین ہم آہنگی اور باہمی اتحاد کی عکاس ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب کی مشترکہ کوششوں کی بدولت پاکستان کو شاندار مقام حاصل ہوا، ملکی معاشی صورت حال میں بتدریج بہتری ہو رہی ہے، اللہ کے فضل و کرم سے ملک میں سیاسی و معاشی استحکام کی بدولت ملک کی سمت درست ہوئی، ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سینیٹرز سے سینیٹ میں 27ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ کرنے کی درخواست کی، جس پر اتحادی جماعتوں نے وزیراعظم کو ہر ممکن حمایت کا یقین دلایا جب کہ عوامی نیشنل پارٹی نے بھی حکومت کو ساتھ دینے کی یقین دہانی کرائی۔
بعدازاں وزیراعظم نے اتحادی جماعتوں کے ارکان کو کل صبح ناشتے پر بھی مدعو کر لیا۔ شہباز شریف کی جانب سے کل اتحادی جماعتوں کے سینیٹرز کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ناشتہ دیا جائے گا۔













