ترک صدر کا پاکستان اور افغانستان میں جنگ بندی برقرار رکھنے پر زور، دہشت گرد حملوں پر گہری تشویش

ترکیہ، پاکستان اور افغانستان کے معاملات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے، کمیونی کیشن ڈائریکٹوریٹ
شائع 09 نومبر 2025 01:33pm

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ بندی برقرار رہنا خطے کے امن و استحکام کے لیے نہایت ضروری ہے۔ ترک صدر نے یہ بات باکو میں وزیرِاعظم پاکستان شہباز شریف سے ملاقات کے دوران کہی۔

ترکیہ کی کمیونی کیشن ڈائریکٹوریٹ کے مطابق صدر اردوان نے پاکستان میں حالیہ دہشت گرد حملوں اور پاک۔افغان کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ ان معاملات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ترکیہ کی سرپرستی میں جاری مذاکرات جلد مثبت نتائج دیں گے اور دونوں ممالک کے درمیان پائیدار امن قائم ہوگا۔

AAJ News Whatsapp

صدر اردوان نے مزید کہا کہ ترکیہ اور پاکستان تجارت، توانائی اور دفاعی صنعت سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے فلسطین کے علاقے غزہ میں جنگ بندی برقرار رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ اس معاملے کو اقوام متحدہ کے فریم ورک کے تحت آگے بڑھانا ضروری ہے۔

یہ ملاقات آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں ہوئی، جہاں صدر اردوان اور وزیراعظم شہباز شریف نے 8 نومبر کو آذربائیجان کے یومِ فتح کی تقریب میں شرکت کی اور فوجی پریڈ کا معائنہ بھی کیا۔

Recep Tayyip Erdogan

PM Shehbaz Sharif

Pak Afghan Istanbul Talks