اپوزیشن اتحاد کا مجوزہ 27 ویں آئینی ترمیم کے خلاف ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان

تحریک آج رات سے شروع ہوجائے گی، قوم 27 ویں ترمیم کے خلاف اٹھ کھڑی ہو، علامہ ناصر عباس
اپ ڈیٹ 09 نومبر 2025 12:39am

اپوزیشن اتحاد نے مجوزہ 27 ویں آئینی ترمیم کے خلاف بھرپور ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان کردیا ہے جب کہ سینیٹ میں نامزد اپوزیشن لیڈر علامہ ناصر عباس کا کہنا ہے کہ تحریک آج رات سے شروع ہوجائے گی، قوم 27 ویں ترمیم کے خلاف اٹھ کھڑی ہو۔

ہفتے کے روز پاکستان تحریک انصاف کے قومی اسمبلی و سینیٹ میں نامزد اپوزیشن لیڈر اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی اور وائس چیئرمین علامہ ناصر عباس کی جانب سے ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نامزد اپوزیشن لیڈر سینیٹ علامہ ناصر عباس نے کہا کہ 1971 کے بعد پاکستان پھر ایک خطرناک موڑ پرکھڑا ہے، پاکستان میں جمہوری ادارے مفلوج کردیے گئے ہیں۔

علامہ ناصر عباس نے مزید کہا کہ آئینی ترمیم سے طاقتور کو مزید طاقتور کیا جارہا ہے، پاکستانی قوم سیاہ اور تاریک 27 ویں آئینی ترمیم کے خلاف اٹھ کھڑی ہو، آج رات ساڑھے 8 بجے پوری قوم اٹھ کر ایک ہی نعرہ لگائے گی اور وہ یہ ہوگا کہ ”ایسے دستور کو صبح بے نور کو میں نہیں مانتا میں نہیں جانتا“۔ آج رات سے ہماری ملک گیر تحریک شروع ہو جائے گی۔

نامزد اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے کہا کہ دنیا میں آئین ریاست اور وہاں کے باسیوں کے درمیان عمرانی معاہدہ ہوتا ہے، آئین سے مسلسل کھلواڑ کیا جا رہا ہے مجھ سے آئین کے تحفظ کا 5 بار حلف لیا گیا ہے، آئین پر پارلیمنٹ حملہ اور ہے اور اس وقت پارلیمنٹ ڈیبیٹنگ سوسائٹی کی طرح کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو کوئی نہیں مان رہا نہ ان کو تسلیم کر رہا لہذا ہم عوام کے پاس جا رہے ہیں، عوام بھی پوچھتے رہے کہ کب تحریک ابتدا ہونی ہے، جس طرح یہ پارلیمان پر اور آئین پر حملہ اور ہوئے ہیں اب تحریک کی ابتدا ہو رہی ہے۔

محمود خان اچکزئی نے مزید کہا کہ جس طرح یہ آئین کی بنیادوں کو ہلا رہے ہیں ہمارے پاس اس تحریک کے سوا کوئی چارہ نہیں، ہم تمام وطن دوست جماعتوں اور شخصیات اور گروہوں سے اپیل کرتے ہیں کہ اٹھ کھڑے ہوں،کل رات سے ہماری ملک گیر تحریک شروع ہو جائے گی۔

AAJ News Whatsapp

انہوں نے کہا کہ ہم نے اللہ اکبر کہہ کر جو علامہ ناصر عباس نے کہا اس پر عمل کرتے ہوئے آگے بڑھنا ہے، ہمارا آج رات سے ایک ہی نعرہ ہوگا جمہوریت زندہ باد آمریت مردہ باد، ہمارا تیسرا نعرہ قیدیوں کو رہا کرنے سے متعلق ہوگا۔

محمود خان اچکزئی کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے ہر شب و روز پاکستانی عوام کے ساتھ ایک نئے نعرے کو لے کر آگے بڑھنا ہے، تکبر میں مبتلا حکمرانوں کو ہم بتائیں گے کہ ہم ان کا راستہ روک سکتے ہیں، ہم بتائیں گے کہ پاکستان کی عوام جو چاہے گی وہی فیصلہ ہوگا اور آئین بالادست ہوگا پارلیمنٹ طاقت کا سرچشمہ ہوگی۔

Mahmood Khan Achakzai

27th Constitutional Amendment

opposition alliance

27th Ammendment

Sunni Ittehad

27th Constitutional

allama nasir abbas