مجوزہ 27 ویں ترمیم پر مشاورت کیلئے وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج طلب

وزیراعظم شہبازشریف باکو سے ویڈیو لنک پر اجلاس کی صدارت کرٰیں گے، ذرائع
اپ ڈیٹ 08 نومبر 2025 12:01am

وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس ہفتے کے روز صبح دس بجے وزیراعظم ہاؤس میں طلب کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اجلاس کی صدارت باکو سے ویڈیو لنک کے ذریعے کریں گے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 27ویں آئینی ترمیم پر پیپلز پارٹی کی تجاویز کی روشنی میں غور کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ سے منظوری کی صورت میں ترمیمی مسودہ آج ہی سینیٹ میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ وفاقی کابینہ کا اجلاس جمعے کے روز ہونا تھا تاہم سیاسی جماعتوں کے درمیان ڈیڈلاک کے باعث اسے ملتوی کر دیا گیا۔ آج ہونے والے اجلاس میں ترمیمی نکات پر مشاورت کے ساتھ آئندہ سیاسی حکمتِ عملی پر بھی غور متوقع ہے۔

قبل ازیں، پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ آئینی ترمیم کے تین پوائنٹس پر سی ای سی اجلاس میں اتفاق ہوا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ آرٹیکل 243 میں ترمیم کے حوالے سے پیپلزپارٹی حمایت کرے گی، آئینی عدالتیں بننی چاہئیں۔ میثاق جمہوریت کے دیگرمعاملات کو بھی دیکھنا چاہیے۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ این ایف سی کے تحت صوبوں کے فنڈز بڑھ سکتے ہیں کم نہیں ہوسکتے، میثاق جمہوریت کے نامکمل ایجنڈا پر بات ہونی چاہیے، دیکھیں گےکہ 27 ویں ترمیم کے پراسس میں دیگر شقوں پر اتفاق رائے لائیں۔

دوسری جانب بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا ہے کہ سینیٹ سے ترمیم منظور کرانے کیلئے 3 ووٹ درکار ہیں، ایم کیو ایم سے کہا آرٹیکل 140 اے ترمیم میں آپ کے ساتھ ہیں، آزاد ارکان سے بھی بات کر رہے ہیں، ہم صوبوں کے حقوق کے ساتھ کھڑے ہیں، آئینی عدالتوں کے ججز کی تعداد 9 تک ہوسکتی ہے۔

Bilawal Bhutto Zardari

Senate session

PM Shehbaz Sharif

Pakistan People's Party (PPP)

PAKISTAN MUSLIM LEAGUE (PMLN)

27th Constitutional Amendment

Fedral Cabint Meeting