امریکی کارگو طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ سمیت 7 افراد ہلاک
امریکی ریاست کینٹکی کے لوئی ول ایئرپورٹ کے قریب کارگو طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں طیارے کے پائلٹ سمیت 7 افراد ہلاک جبکہ 11 زخمی ہوگئے۔
امریکی فیڈرل ایوی ایشن کے مطابق کارگو طیارہ لوئی ول ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے کے بعد گر کر تباہ ہوا، حادثے کے بعد متعدد عمارتوں میں آگ بھڑک اٹھی۔ گرنے والا طیارہ امریکی شہر ‘ہونولولو’ کے ڈینیئل کے انوئے انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی جانب جارہا تھا۔
امریکی ریاست کینٹکی کے شہر لوئی ول میں کارگو طیارہ گرنے کے نتیجے میں قریبی متعدد عمارتوں میں آگ بھڑک اٹھی، جب کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کئی افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق، یہ کارگو طیارہ لوئی ول ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے کے فوراً بعد ایک شدید حادثے کا شکار ہوا۔ طیارے میں اُس وقت تقریباً دو لاکھ 80 ہزار گیلن ایندھن موجود تھا۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارہ زمین سے ٹکرانے کے بعد ایک بڑے دھماکے سے پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں دھوئیں اور شعلوں کے بادل آسمان تک اٹھتے نظر آئے۔
مقامی پولیس نے متعدد افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آگ بجھانے اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
دوسری جانب امریکی نیشنل ٹرانسپورٹ سیفٹی بورڈ (NTSB) نے حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ واقعے کی اصل وجوہات معلوم کی جا سکیں۔
کینٹکی کے گورنر اینڈی بیشیئر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پائلٹس، عملے اور دیگر متاثرین کے لیے دعا کریں۔
گورنر نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا، “براہِ کرم پائلٹس، عملے اور ہر اس شخص کے لیے دعا کریں جو اس سانحے سے متاثر ہوا ہے۔ ہم جلد مزید معلومات شیئر کریں گے۔”


















