کیا اراکینِ پارلیمنٹ آئین کی 27 ویں ترمیم سے بے خبر ہیں؟

آئینی ترمیم کی تفصیلات سے صرف مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی قیادت آگاہ ہے
شائع 05 نومبر 2025 12:05am

آئین میں 27 ویں ترمیم کے معاملے پر اراکین پارلیمنٹ آئینی ترمیم کی تفصیلات سے بے خبر ہیں، آئینی ترمیم کی تفصیلات سے صرف مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی قیادت آگاہ ہے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری 6 نومبر کو اپنی جماعت کے اراکین کو ترمیم کی شقوں سے آگاہ کریں گے اور پارٹی سی ای سی میں مسودہ رکھیں گے جب کہ وزیراعظم شہباز شریف کے علاوہ صرف چند وزرا ہی مسودہ سے آگاہ ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف اگلے دو دن میں دیگر اتحادی جماعتوں کو ترمیم کے مسودہ سے اگاہ کریں گے، وزیراعظم کی طرف سے حکومتی اراکین پارلیمنٹ کا اجلاس جلد بلایا جایے گا، جس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اراکین کو مجوزہ ترمیم پر بریفنگ دیں گے۔

تحریک تحفظ آئین پاکستان نے 27 ویں آئینی ترمیم کو مسترد کردیا

دوسری جانب تحریک تحفظ آئین پاکستان نے 27 ویں آئینی ترمیم کو مسترد کردیا۔ رہنماؤں نے آئینی ترمیم تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ ترمیم نیا پینڈورا باکس کھولنے کے مترادف ہے، پیپلز پارٹی اس میں برابر کی شریک ہے، عوام کو دکھایا کچھ جا رہا ہے مگر پس پردہ کچھ اور ہے، ملک میں کئی عرصے سے جبر کا نظام مسلط ہے اب اس ترمیم کے بعد ملک میں مزید اندھیر نگری پھیل جائے گی

تحریک تحفظ آئین پاکستان کا اہم اجلاس تنظیم صدر محمود خان اچکزئی کی سربراہی میں اسلام آباد میں ہوا۔ اسد قیصر ، مصطفی نواز کھوکھر،زبیر عمر، علامہ ناصر عباس، تیمور جھگڑا و دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس کے بعد مشترکہ پریس کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا آج پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن دونوں کا ویژن ختم ہوچکا ہے۔ آج کی پیپلز پارٹی نے ذولفقار علی بھٹو کا ویژن دبا دیا ہے، مجوزہ27آئینی ترمیم عدلیہ پر سیدھا اٹیک ہے ایسی ترمیم کے بعد ان عدلیہ سے کون انصاف کی امید رکھے گا۔

AAJ News Whatsapp

مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں سے ملک میں جبر کا نظام نافذ ہے، 26ویں ترمیم نے اندھیر نگری مچائی اور 27ویں ترمیم ملک کی بنیادیں ہلا دے گی، اس کے ذریعے ججز کی پوسٹنگ کو انتظامی افسران کی طرز پر کرنے کی تیاری ہے جو عدلیہ کی آزادی کے منافی ہے، حکومت آئین و قانون کو اسٹیبلشمنٹ کے تابع بنانے جا رہی ہے، ہم وکلا، میڈیا اور سول سوسائٹی کو ساتھ ملا کر اس ترمیم کو کسی صورت منظور نہیں ہونے دیں گے۔

زبیر عمر نے نواز شریف سے اپیل کی کہ وہ 26ویں اور 27ویں ترامیم پر کھل کر مؤقف دیں اور اپنے بھائی کو اس اقدام سے روکیں۔

انہوں نے کہا گزشتہ روز وزیروں کی پریس کانفرنس میں عوامی مسائل پر کوئی بات نہیں کی گئی، مہنگائی، بے روزگاری اور غربت جیسے مسائل نظرانداز کیے گئے۔

جماعت اسلامی کا 27 ویں آئینی ترمیم کے خلاف مزاحمت کا اعلان

ادھر امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے 27 ویں آئینی ترمیم کے خلاف مزاحمت کا اعلان کردیا۔

ادارہ نور حق کراچی میں پریس کانفرنس میں حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ اپنی سہولت اور کرسی مضبوط کرنے کے لیے اس طرح کی ترامیم آئین سے کھلواڑ ہے، نہ ہم نے 26 ویں آئینی ترمیم کو قبول کیا تھا نہ 27 ویں آئینی ترمیم کو قبول کریں گے۔

Constitutional amendment

26th Constitutional Amendment

27th Constitutional Amendment