واشنگٹن کے ریگن نیشنل ایئرپورٹ پر بم کی اطلاع، تمام پروازیں معطل
امریکی دارالحکومت واشنگٹن کے رونالڈ ریگن نیشنل ایئرپورٹ پر بم کی اطلاع ملنے کے بعد تمام پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہیں۔ یہ اطلاع ایک یونائیٹڈ ایئرلائنز کی پرواز سے متعلق تھی جو ایئرپورٹ پر لینڈ کرچکی تھی۔ حکام نے احتیاطی اقدام کے طور پر جہاز کو ایئرپورٹ کے مشرقی حصے میں منتقل کردیا۔
فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق، ریگن واشنگٹن نیشنل ایئرپورٹ پر ایک طیارے میں بم کی اطلاع ملی ہے، جس کے بعد فوری طور پر تمام مسافروں کو جہاز سے بحفاظت اتار دیا گیا۔ ایف اے اے کے بیان میں کہا گیا ہے کہ طیارہ ٹرمینل سے دور لے جایا گیا ہے تاکہ متعلقہ ادارے مکمل طور پر تحقیقات کر سکیں۔
ذرائع کے مطابق، یونائیٹڈ ایئرلائن کی پرواز میں ممکنہ بم کی اطلاع ملنے پر ایئرپورٹ کی سیکیورٹی فورسز اور بم ڈسپوزل ٹیموں کو طلب کرلیا گیا۔ اگرچہ حکام نے تاحال خطرے کی نوعیت یا تصدیق کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا ہے لیکن ایئر ٹریفک کنٹرول کی ایک ریکارڈنگ میں ایسا سنا گیا ہے کہ کنٹرولر نے پائلٹ کو ہدایت دی ہے کہ جہاز کو ایئرپورٹ سے دور لے جایا جائے کیونکہ ”پرواز سے متعلق غیر تصدیق شدہ بم کی اطلاع“ موصول ہوئی ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق، واقعے کے بعد ریگن نیشنل ایئرپورٹ کی تمام فلائٹ آپریشنز معطل کر دی گئیں تاکہ تفتیشی عمل میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ ہو۔ سیکیورٹی حکام نے ایئرپورٹ کے ٹرمینلز اور متصل علاقوں کو بھی کلیئر کرا لیا ہے۔
ایف اے اے اور یونائیٹڈ ایئرلائنز نے یقین دہانی کرائی ہے کہ تمام مسافر محفوظ ہیں اور واقعے کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد پروازوں کی بحالی کا فیصلہ کیا جائے گا۔
Aaj English
















