ایشیا کپ میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، حارث رؤف پر پابندی عائد
ایشیا کپ 2025 میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف کو سزا سنا دی ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی سی سی نے پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف کو دو میچز کے لیے معطل کردیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشیا کپ 2025 کے 14 ستمبر کو کھیلے گئے میچ کے حوالے سے سماعت میچ ریفری رچی رچرڈسن نےکی۔
آئی سی سی کے مطابق ایونٹ کے دوران حارث رؤف نے دو بار کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی تھی جس کے تحت انہیں چار ڈی میرٹس پوائنٹ دیے گئے ہیں۔
حارث رؤف جنوبی افریقا کے خلاف پہلے دو میچز نہیں کھیلیں گے۔
اسی میچ میں پاکستان کے ٹاپ آرڈر بیٹر صاحب زادہ فرحان کو بھی آرٹیکل 2.21 کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا اور انہیں آفیشل وارننگ اور ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دیا گیا۔
آئی سی سی نے اپنے فیصلے میں بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو پر میچ فیس کا صرف 30 فیصد جرمانہ اور 2 ڈی میرٹ پوائنٹس دیے ہیں۔
سوریا کمار آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.21 کی خلاف ورزی کے مرتکب قرار پائے، بھارتی فاسٹ بولر ارشدیپ سنگھ کو نازیبا اشارے پر کوئی سزا نہیں دی گئی۔
سوریا کمار یادیو نے پاکستان کے خلاف میچ کے بعد سیاسی بیان دیے تھے لیکن آئی سی سی نے پھر جانبداری سے کام لیا اور بھارتی کپتان کو معطل نہیں کیا گیا۔
ایشیا کپ 2025 کے 28 ستمبر کو کھیلے گئے پاک-بھارت فائنل کے دوران بھارتی فاسٹ باؤلر جسپریت بمراہ نے بھی نامناسب اشارے کیے تھے، جس پر فاسٹ باؤلر نے آرٹیکل 2.21 کی خلاف ورزی (کھیل کی بدنامی کا باعث بننے والا رویہ) کا اعتراف کیا، جسپریت بمراہ کو وارننگ اور ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دیا گیا ہے، فاسٹ باؤلر نے اپنی سزا قبول کر لی، لہذا باضابطہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
واضح رہے کہ 14 ستمبر کو دبئی میں کھیلے جانے والے پاک-بھارت میچ کے بعد سوریا کمار یادو نے نہ صرف پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے انکار کیا تھا۔
بھارتی کپتان نے پوسٹ میچ پریزنٹیشن اور پریس کانفرنس میں کرکٹ قوانین کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ آج کی جیت کو پہلگام واقعے کے نام کرتا ہوں، پاکستان کے خلاف بھارتی آرمی کے لیے ہماری طرف سے یہ تحفہ ہے‘۔
جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی سے شکایت کی تھی سوریا کمار یادو کے سیاسی بیانات آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے خلاف ہیں۔
Aaj English

















