گوگل کی پنجاب میں ’کروم بک‘ فیکٹری لگانے کی پیشکش
عالمی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے پنجاب میں ’گوگل کروم بُک‘ (لیپ ٹاپ) کی مقامی سطح پر تیاری کے لیے فیکٹری کے قیام کی پیشکش کردی۔ جس پر پنجاب حکومت نے منصوبے کے لیے بھرپور معاونت کا یقین دلایا ہے۔
لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ’گوگل فار ایجوکیشن‘ اور ’ٹیک ویلی‘ کے اعلیٰ سطح وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی سربراہی گوگل فار ایجوکیشن کے گلوبل ڈائریکٹر کیون کالیس نے کی، ٹیک ویلی کے سی آئی او عمر فاروق بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔
ملاقات میں وفد نے صوبے میں گوگل کروم بک فیکٹری کے قیام کی تجویز پیش کی، جس پر وزیراعلیٰ پنجاب نے منصوبے کے لیے وفد کو مکمل معاونت کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات میں پنجاب میں ’کروم بک فیکٹری‘ کے قیام، سرکاری اسکولوں میں ڈیجیٹل تعلیم کے فروغ اور ’اے آئی ٹولز‘ کے استعمال سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔
وفد نے بتایا کہ نئی کروم بک میں طلبہ کے لیے تین اہم سافٹ ویئرز انسٹال کیے جائیں گے جن میں جیمنائی (Gemini)، ریڈ آلانگ (Read Along) اور کینوا (Canva) شامل ہیں۔
لاہور میں پاکستان کا پہلا ’ایپل‘ ریٹیل اسٹور کھلنے کو تیار
وفد نے بتایا کہ گوگل فار ایجوکیشن اب تک دو ہزار سے زائد سرکاری اساتذہ کو ٹریننگ فراہم کر چکا ہے جبکہ مزید اساتذہ کی تربیت کا عمل بھی جاری ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب حکومت آئی ٹی کو بنیادی تعلیم کا حصہ بنانے پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا حب بنانا انکی حکومت کا عزم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت گوگل کروم بک فیکٹری کے قیام میں تمام انتظامی و تکنیکی تعاون فراہم کرے گی تاکہ تعلیمی ٹیکنالوجی کی مقامی صنعت کو فروغ مل سکے۔
Aaj English













