حماس نے مزید 3 لاشیں اسرائیل کو واپس کردیں
فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے غزہ امن معاہدے پر عمل درآمد کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے مزید 3یرغمالیوں کی لاشیں اسرائیل کے حوالے کردیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق حماس نے اتوار کو تین یرغمالیوں کی لاشیں اسرائیلی حکام کے حوالے کیں، جبکہ فلسطینی عسکری تنظیم اور اسرائیل جنگ بندی کی خلاف ورزی کے الزامات کے تبادلے میں مصروف رہے۔
اسرائیل کی فوج نے بتایا کہ ریڈ کراس کے ذریعے لاشیں غزہ سے اسرائیل منتقل کی گئیں اور انہیں شناخت کے لیے لے جایا جائے گا۔ یہ لاشیں ان 11 یرغمالیوں میں سے تین کی متوقع ہیں جن کے بارے میں اسرائیل نے غزہ سے جنگ بندی کے تحت مانگ رکھی تھی۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ حماس انہیں فراہم کرنے میں سست روی دکھا رہا ہے، جبکہ حماس نے کہا کہ وہ مشکل حالات کے باوجود جلد از جلد کارروائی کر رہا ہے۔
ادھر، اتوار کی صبح، اسرائیلی فضائی حملے میں شمالی غزہ میں ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ اسرائیلی فوج کے مطابق حملہ ایک ایسے عسکریت پسند پر کیا گیا جو ان کی فورسز کے لیے خطرہ بن رہا تھا۔ الغری اسپتال نے بتایا کہ شجاعیہ کے سبزی منڈی کے قریب فضائی حملے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔
دوسری جانب، حماس نے اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی فہرست جاری کی اور غزہ حکومت کے میڈیا دفتر کے ڈائریکٹر اسماعیل الثوابطہ نے ان الزامات کی تردید کی کہ حماس کے جنگجوؤں نے اسرائیلی فوجیوں پر حملے کر کے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی۔
Aaj English

















