امریکا میں دہشت گردی کی کوشش ناکام، 5 افراد گرفتار
امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے ریاست مشی گن میں مبینہ طور پر ہیلووین ویک اینڈ پر دہشت گرد حملے کی منصوبہ بندی ناکام بنا دی۔
امریکی میڈیا کے مطابق ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل کے مطابق ادارے کی بروقت کارروائی سے ایک ممکنہ دہشت گرد کارروائی کو وقوع پذیر ہونے سے قبل ہی روک دیا گیا۔
ایف بی آئی نے جمعہ کی صبح 16 سے 20 سال کے درمیان عمر رکھنے والے پانچ افراد کو گرفتار کر لیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق یہ نوجوان ایک سابق امریکی فوجی سے متاثر تھے، جسے رواں سال مئی میں ڈیٹرائٹ کے قریب ایک امریکی فوجی مرکز پر داعش سے متاثر حملے کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق گرفتار سابق فوجی کا نام عمار عبدالمجید محمد سعید (19 سال) ہے، جو امریکی فوج کے ٹینک آٹوموٹیو اینڈ آرمامنٹس کمانڈ فیسلٹی پر حملے کی تیاری کر رہا تھا۔
قانون نافذ کرنے والے ذرائع کے مطابق جمعہ کو گرفتار ہونے والے ایک یا زیادہ مشتبہ افراد سعید کو ذاتی طور پر جانتے تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اگرچہ منصوبہ مکمل طور پر تیار نہیں تھا، لیکن ایف بی آئی کافی عرصے سے آن لائن چیٹ رومز پر جاری گفتگو پر نظر رکھے ہوئے تھی۔ کسی واضح حملے کی منصوبہ بندی سامنے نہیں آئی تھی۔
ایف بی آئی ڈائریکٹر کاش پٹیل نے اپنے بیان میں کہا، بروقت کارروائی اور مقامی اداروں کے قریبی تعاون سے ایک ممکنہ دہشت گرد کارروائی کو ہونے سے پہلے ہی روک لیا گیا۔ ایف بی آئی کی مستعدی کے باعث مشی گن میں ہیلووین کا موقع محفوظ اور پُرامن رہے گا۔
ایف بی آئی کے ڈیٹرائٹ فیلڈ آفس کے ترجمان نے تصدیق کی کہ ڈیئربورن اور اِنک اسٹر شہروں میں جمعہ کے روز کارروائیاں کی گئیں۔ تاہم ترجمان نے واضح کیا کہ عوام کو فی الحال کسی خطرے کا سامنا نہیں۔
ذرائع کے مطابق ایف بی آئی کے جوائنٹ ٹیررازم ٹاسک فورس نے دو نوعمر نوجوانوں کو ایک آن لائن داعش چیٹ روم میں مشتبہ گفتگو کرتے ہوئے شناخت کیا، جس کے بعد آپریشن کا آغاز کیا گیا۔
جمعہ کی صبح ایف بی آئی اہلکاروں کو ڈیئربورن کے ایک گھر کے باہر کارروائی کرتے دیکھا گیا۔ مقامی حکام کے مطابق ایف بی آئی نے شہر کے حکام کو آپریشن شروع ہونے سے چند گھنٹے قبل اطلاع دی تھی۔
ڈیئربورن پولیس نے اپنے فیس بک پیج پر عوام کو یقین دلایا کہ ، شہر میں فی الحال کسی قسم کا خطرہ موجود نہیں۔
ڈیئربورن شہر ڈیٹرائٹ کے مغرب میں سات میل کے فاصلے پر واقع ہے، جبکہ اِنک اسٹر شہر تقریباً 12 میل مغرب میں ہے۔
Aaj English




















