کراچی: 4 سال قبل چوری شدہ موٹرسائیکل کا ای چالان مالک کو موصول

موٹرسائیکل 4 سال قبل ٹیپو سلطان روڈ سے چوری ہوئی تھی، ذرائع
اپ ڈیٹ 31 اکتوبر 2025 07:15pm

کراچی میں چوری شدہ موٹر سائیکل بھی ای چالان کی زد میں آگئی ہے۔ شہر قائد میں چار سال قبل چوری ہونے والی موٹرسائیکل کا ای چالان مالک کو بھیج دیا گیا ہے۔

مالک کے مطابق اس کی موٹر سائیکل چار سال قبل کراچی کے علاقے ٹیپو سلطان روڈ سے چوری ہوئی تھی۔

مالک نے بتایا ہے کہ موٹر سائیکل چوری کی انٹری ٹیپو سلطان تھانے میں بھی کروائی تھی۔

شہری نے بتایا کہ 27 اکتوبر کو ای چالان موصول ہوا تھا جس میں ہیلمٹ نہ پہننے پر 5 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ پولیس کو کئی سال قبل موٹرسائیکل چوری کی اطلاع دی جا چکی تھی، اس کے باوجود چوری شدہ گاڑی کے خلاف چالان جاری کیا جانا سسٹم کی خامیوں کا واضح ثبوت ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔

دوسری جانب کراچی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف شروع کیے گئے ای چالان نظام میں تیزی آگئی ہے۔ صرف 4 دن کے دوران ٹریفک پولیس نے 18 ہزار 733 الیکٹرانک چالان جاری کیے، جن کی مجموعی مالیت 10 کروڑ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 5 ہزار 791 ای چالان کیے گئے۔ سب سے زیادہ چالان سیٹ بیلٹ نہ پہننے پر ہوئے جن کی تعداد 3 ہزار 546 ہے، جب کہ ہیلمیٹ نہ پہننے پر 1 ہزار 555 موٹر سائیکل سواروں کو جرمانہ کیا گیا۔

AAJ News Whatsapp

ای چالان نظام کے تحت شہر بھر میں جدید کیمرے نصب کیے گئے ہیں جو خودکار طور پر گاڑیوں کی نمبر پلیٹ اسکین کرتے ہیں۔ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں سسٹم فوری طور پر چالان جاری کرتا ہے، اور شہریوں کو اس کی تفصیل ان کے موبائل فون یا گھر کے پتے پر بھیج دی جاتی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس نظام کے نفاذ کے بعد رشوت ستانی، موقع پر بحث و تکرار اور بدتمیزی کے واقعات میں واضح کمی آئی ہے۔

Motorcycle Stolen

electronic challan

received by owner

4 years ago