امریکی سینیٹ میں صدر ٹرمپ کی عالمی ٹیرف پالیسی کے خلاف قرارداد منظور
امریکی سینیٹ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مختلف ممالک پر عائد کردہ ٹیرف کے منصوبے کے خلاف ووٹ دیتے ہوئے اِس فیصلے کو منسوخ کرنے کی قرارداد منظور کر لی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سینیٹ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نافذ کی گئی ’قومی ایمرجنسی‘ کو ختم کرنے کے قرارداد منظور کر لی ہے جس کے تحت صدر ٹرمپ نے دنیا کے تقریباً تمام ممالک پر 10 سے 50 فیصد تک کے بھاری ٹیکس (ٹیرف) عائد کیے تھے۔
جمعرات کے روز ہونے والی ووٹنگ کے دوران 51 ارکان نے صدر ٹرمپ کے ٹیرف منصوبے کے خلاف جبکہ 47 ارکان نے اس کے حق میں ووٹ دیا۔
ڈیموکریٹس کے تمام ارکان سمیت ٹرمپ کی اپنی جماعت ’ری پبلکن پارٹی‘ کے چار اراکین نے بھی صدر ٹرمپ کی پالیسی کے خلاف ووٹ دیا۔
واضح رہے کہ سینیٹ کی یہ قرارداد ایک علامتی حیثیت رکھتی ہے، امریکی حکومت پر اس قرارداد پر عمل درآمد لازم نہیں ہے۔ کیونکہ صدارتی ویٹو کو مسترد کرنے کے لیے دو تہائی اکثریت درکار ہوگی، جو اس وقت ممکن نظر نہیں آتی۔
سیاسی مبصرین اس اقدام کو ٹرمپ کے اقتصادی فیصلوں کے خلاف ری پبلکن پارٹی کے اندر بڑھتے اختلافات کی علامت قرار دے رہے ہیں۔ تاہم، ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ قرارداد اِس وقت مؤثر نہیں ہوسکتی کیونکہ ایوانِ نمائندگان نے پہلے ہی ایسے تمام اقدامات پر ووٹنگ کو روکنے کا فیصلہ کر رکھا ہے۔
یہ اس ہفتے کی تیسری قرارداد ہے جس میں ری پبلکنز نے ڈیموکریٹس کے ساتھ مل کر ٹرمپ کی تجارتی پالیسیوں کی مخالفت کی ہے۔ اس سے قبل سینیٹ نے برازیل اور کینیڈا پر عائد محصولات ختم کرنے کے حق میں بھی ووٹنگ کی تھی۔
 
       
         Aaj English
 Aaj English BRecorder
 BRecorder 
 
 
 
 

 


















