Aaj News

پاکستانی خواتین سے شادی کرنے والے افغان مردوں کو شہریت دینے کا فیصلہ معطل

یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ کوئی شخص دیوار پھلانگ کر آیا ہے یا دروازے سے اندر آیا ہے جسٹس مسرت ہلالی
شائع 30 اکتوبر 2025 02:42pm

سپریم کورٹ آف پاکستان نے ایک اہم حکم میں پشاور ہائیکورٹ کا وہ فیصلہ معطل کردیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ پاکستانی خواتین سے شادی کرنے والے افغان مردوں کو پاکستانی شہریت اور پاکستانی اوریجن کارڈ (پی او سی) جاری کیا جائے۔

یہ مقدمہ افغان شہریوں کو پاکستانی اوریجن کارڈ دینے سے متعلق تھا جس کی سماعت جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ عدالت میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل رانا اسداللہ اور نادرا کے وکیل پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ حکومت نے پشاور ہائیکورٹ کے یکم دسمبر 2023 کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر رکھی ہے۔ اس فیصلے میں کہا گیا تھا کہ اگر کوئی افغان شہری پاکستانی خاتون سے شادی کرے تو اسے پاکستانی شہریت اور پی او سی کارڈ دیا جائے۔

اس موقع پر جسٹس مسرت ہلالی نے استفسار کیا کہ شہریت کس بنیاد پر دی جا سکتی ہے اور اب تک کتنے درخواست گزار ہیں؟

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ اب تک 117 درخواست گزار ہیں۔ جس پر جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دیے کہ ”یہ تو وہ لوگ ہیں جو سامنے آگئے ہیں، باقی کتنے ہوں گے؟“

AAJ News Whatsapp

نادرا کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پاکستانی خاتون سے شادی کرنے والے افغان شہری کے لیے ویلڈ ویزا کی شرط بھی لازمی ہے۔ اس پر جسٹس مسرت ہلالی نے دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا، ”یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ کوئی شخص دیوار پھلانگ کر آیا ہے یا دروازے سے اندر آیا ہے۔“

عدالت نے دلائل سننے کے بعد پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ عارضی طور پر معطل کردیا اور فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کردی۔

ذرائع کے مطابق، یہ مقدمہ اب شہریت کے قانون، نادرا کے ضوابط، اور افغان مہاجرین کے قانونی دائرہ اختیار سے متعلق ایک اہم آئینی معاملہ بن گیا ہے، جس کا اثر مستقبل میں ہزاروں شادی شدہ افغان شہریوں پر پڑ سکتا ہے۔

Peshawar High Court

Supreme Court of Pakistan

Afghan Nationals

Pakistan Origin Card