Aaj News

ایف بی آر کا بڑا اقدام: چینی کی پیداوار کی ڈیجیٹل نگرانی کا نظام نافذ

شوگر ملز اب ویڈیو اینالیٹکس سسٹم کے بغیر پیداوارجاری نہیں کر سکیں گی۔
شائع 29 اکتوبر 2025 05:46pm

ایف بی آر نے شوگر ملز کی مانیٹرنگ کے لیے جدید ویڈیو اینالیٹکس اور جی پی یو سسٹم نصب کرنا لازمی قرار دے دیا۔ کرشنگ سیزن سے قبل تمام شوگر ملز کو یہ نظام لگانے کی ہدایت کی گئی ہے، بصورتِ دیگر پیداوار جاری نہیں رکھی جا سکے گی۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے چینی کی پیداوار کی ڈیجیٹل نگرانی کا نظام نافذ کر دیا ہے۔ اس نظام کے تحت ملک بھر کی تمام شوگر ملز کی ویڈیو اینالیٹکس کے ذریعے مانیٹرنگ لازمی قرار دی گئی ہے۔

ایف بی آر کے مطابق، کرشنگ سیزن سے قبل تمام شوگر ملز کو جدید جی پی یو (GPU) سسٹم نصب کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے، اور جو ملز یہ نظام نہیں لگائیں گی، وہ پیداوار جاری نہیں رکھ سکیں گی۔

یہ نظام چینی کی پیداوار کی درست رپورٹنگ اور ٹیکس شفافیت یقینی بنانے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔ ایف بی آر نے بتایا کہ شوگر سیکٹر میں یہ جدید ویڈیو اینالیٹکس ٹریکنگ سسٹم عالمی معیار کے مطابق تیار کیا گیا ہے۔

ایف بی آر نے سیمنٹ انڈسٹری کے لیے بھی اقدامات کا اعلان کیا ہے، یکم نومبر سے بغیر ٹیکس اسٹیمپ کے سیمنٹ بیگز کی ترسیل ممنوع قرار دی گئی ہے، جبکہ تمام بیگز پر یونیک آئی ڈی مارکنگ لازمی ہوگی۔

ایف بی آر حکام کے مطابق، سیمنٹ سیکٹر میں ٹریک اینڈ ٹریس نظام مکمل طور پر نافذ کر دیا گیا ہے، جو صنعتی شعبے کی ڈیجیٹل نگرانی میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔

FBR

Sugar Mills Monitoring

Digital Surveillance

Video Analytics

GPU System

Track And Trace

Sugar Production

Cement Industry

Tax Transparency

Industrial Monitoring

IMF Reforms