گھنگریالے بالوں والا نایاب شیر جنگل کا ہینڈسم ترین نر قرار

سوشل میڈیا پر صارفین گھنگریالے بالوں والے اس شیر کے مداح ہوگئے اور دلچسپ تبصرے بھی کئے۔
شائع 29 اکتوبر 2025 01:38pm

قدرت کے حسین مناظر اور جنگلی حیات کی نایاب جھلکیاں اکثر فوٹوگرافروں کی محنت اور صبر کی بدولت دنیا کے سامنے آتی ہیں۔ حال ہی میں ایک ایسا ہی لمحہ انٹرنیٹ پر وائرل ہوا ہے، جب ایک نر شیر اپنی قدرتی گھنگریالے بالوں کے ساتھ نظر آیا، جو جنگل میں بہت کم دیکھا جاتا ہے۔ یہ نایاب شیر کینیا کے ماسائی مارا میں پایا جاتا ہے اور اس کی تصویر مشہور جنگلی فوٹوگرافر اور پائلٹ کامبیز پورغناد نے لی۔

انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصویر میں شیر کا نام نزوری M6 بتایا گیا ہے۔ اور اسے اولیپولوس کا بیٹا اور کینیا کے ماسائی مارا میں ٹوپی پرائیڈ کا سابق رکن بتایا گیا ہے۔

تصویر میں نزوری کے بال غیر معمولی طور پر لہراتے اور گھنگریالے نظر آ رہے ہیں، جو جنگل کے عام شیر کے بال جیسے بلکل نہیں دکھتے بلکہ کسی ہیئر سیلون سے اسٹائل کرائے گئے لگتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق، جینز، زیادہ نمی اور بارش کے بعد قدرتی طور پر خشک ہونے کی وجہ سے شیر کے بال گھنگریالے ہو سکتے ہیں۔

AAJ News Whatsapp

فوٹوگرافر نے شیر کی خوبصورتی کی تعریف کی اور کہا کہ نزوری ماسائی مارا کے سب سے خوبصورت شیروں میں شامل ہوگا اور افریقہ کے مشہور شیر جیسے بون جووی، کنگ مویا اور بلونڈی کے ساتھ شمار کیا جائے گا۔

یہ تصویر وائرل ہو گئی اور جنگلی حیات کے شوقین اور عام ناظرین دونوں نے اس کی خوبصورتی کی داد دی۔ سوشل میڈیا پر صارفین نزوری کے گھنگریالے بالوں کے مداح بن گئے۔ ایک نے لکھا، ”اس کے گھنگریالے بال کتنے پیارے ہیں“، جبکہ دوسرے نے مذاق میں کہا، ”ہینڈسم بوائے! لگتا ہے یہ ایک فلم اسٹار ہے۔“

ایک صارف نے اپنی محبت کے اظہار کو اس کی حفاظت سے مشروط کرتے ہوئے لکھا کہ، ”کتنا خوبصورت ہے، امید ہے انسان اس کی جان کو خطرے میں نہیں ڈالیں گے۔“ ایک اور نے لکھا، ”یہ ایک لاجواب شیر ہے، ماسائی مارا کے میرے پسندیدہ شیر میں سے ایک۔“

یہ تصویر قدرت کی خوبصورتی اور جنگلی حیات کی نایاب جھلک پیش کرتی ہے، جو دیکھنے والوں کو حیرت اور محبت دونوں سے بھر دیتی ہے۔

nature

Lion

pets

Wildlife Photographer

African Wildlife

Curly Mane Lion

Nzuri M6

Big Cats

Viral Animals

Safari