Aaj News

افغان دہشت گرد سطورے کا اعترافی بیان، عالم دین کا نشانہ بنانے کا حکم

کمانڈر قاری محمد نے اسے حملوں اور ٹارگٹ کلنگ کی منصوبہ بندی کا حکم دیا تھا، سوشل میڈیا پر بیان
اپ ڈیٹ 29 اکتوبر 2025 12:41pm

افغان دہشت گرد سطورے کا اعترافی بیان سوشل میڈیا پر سامنے آگیا ہے، جس میں اس نے تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے وابستگی، حملوں اور ٹارگٹ کلنگ کی منصوبہ بندی کا اعتراف کیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق گرفتار دہشت گرد سطورے کا تعلق خوگیانہ، ننگرہار (افغانستان) سے ہے۔ اس نے گورنمنٹ کالج حضرت خان ننگرہار سے انٹرمیڈیٹ اور غزنی یونیورسٹی سے فقہ میں بیچلرز کی ڈگری حاصل کی۔

بیان میں سطورے نے بتایا کہ وہ کابل کے مدرسہ عبداللہ ابن زبیر میں درس و تدریس کے فرائض انجام دیتا رہا، جبکہ ننگرہار میں ادویات کی ترسیل کے کام سے بھی وابستہ رہا۔

AAJ News Whatsapp

سطورے کے مطابق اسے ایک شخص عاصم نے تحریک طالبان پاکستان میں شامل ہونے کی دعوت دی اور بعد ازاں کابل میں ٹی ٹی پی کمانڈر قاری محمد سے ملاقات کروائی۔ سطورے نے قاری محمد کے ہاتھ پر بیعت کرنے کا اعتراف کیا۔

بیان کے مطابق علاج کے غرض سے سطورے پشاور آیا، جہاں علاج کے بعد قاری محمد نے اسے مدرسے میں داخلہ لینے اور خفیہ کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت دی۔

سطورے نے انکشاف کیا کہ کمانڈر قاری محمد نے اسے حملوں اور ٹارگٹ کلنگ کی منصوبہ بندی کا حکم دیا تھا اور کابل سے ہدایت دی گئی تھی کہ وہ ایک معروف عالمِ دین کو نشانہ بنائے۔ تاہم، کارروائی سے قبل ہی وہ سیکیورٹی اداروں کے ہاتھوں گرفتار ہو گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق تفتیش کے دوران سطورے سے اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے، جبکہ اس کے نیٹ ورک اور سہولت کاروں کی تلاش جاری ہے۔

Terrorist

Statement

revealed

Confessional

of Afghan