Aaj News

برازیل: موسمیاتی اجلاس سے قبل پولیس آپریشن میں 64 افراد ہلاک

کارروائی میں 81 افراد گرفتار، ہلاک ہونے والے اہلکاروں پر بھی منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کا شبہ
شائع 29 اکتوبر 2025 09:49am

برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں پولیس کے ایک بڑے آپریشن کے دوران کم از کم 64 افراد ہلاک ہو گئے، جب کہ کارروائی میں چار پولیس اہلکار بھی مارے گئے۔ یہ آپریشن عالمی موسمیاتی سربراہی اجلاس سے چند روز قبل کیا گیا، جس کے باعث ریو ڈی جنیرو شہر میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔

حکام کے مطابق کارروائی کا مقصد منظم جرائم اور منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن تھا۔ ریو پولیس نے بتایا کہ آپریشن میں 2,500 سے زائد سیکیورٹی اہلکار شریک تھے جنہوں نے شہر کے معروف علاقوں الیماؤ اور پینہا فویلا (کچی آبادیوں) میں کارروائی کی۔ اس دوران شدید جھڑپیں ہوئیں جن کے باعث اسپتالوں، اسکولوں اور ٹرانسپورٹ سروسز میں تعطل پیدا ہوا۔

یاد رہے کہ برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو اگلے ہفتے عالمی میئرز اور پرنس ولیم کے ارتھ شاٹ پرائز کے سی فورٹی سربراہی اجلاس کی میزبانی کرے گا جس کے بعد شمالی برازیل میں اقوام متحدہ کے تحت 10 نومبر سے 21 نومبر تک موسمیاتی سربراہی کانفرنس ہوگی۔

AAJ News Whatsapp

پولیس کا کہنا ہے کہ کارروائی میں 81 افراد کو گرفتار کیا گیا اور 250 وارنٹ جاری کیے گئے۔ ہلاک ہونے والے اہلکاروں پر بھی منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق جھڑپوں کے دوران فویلا کے کئی علاقوں میں گولیوں کی تڑتڑاہٹ سنی گئی، جب کہ گینگ کے ارکان نے پولیس کی پیش قدمی روکنے کے لیے گاڑیوں کو آگ لگا دی۔

بعد ازاں خصوصی آپریشن یونٹ نے متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا، جب کہ زخمیوں کو شہر کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

ریو ریاست کے گورنر کلاڈیو کاسترو نے تصدیق کی کہ یہ اب تک کا سب سے بڑا آپریشن تھا جو ”کوماندو ورمیلھو“ گینگ کے خلاف کیا گیا۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر کہا “ہم منشیات کے دہشت گردی کے خلاف ڈٹے ہوئے ہیں۔” وفاقی وزیر انصاف رِکارڈو لیوانڈوسکی نے آپریشن کو “خونریز” قرار دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کو اس کارروائی میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق ریو میں یہ واقعہ نہ صرف امن و امان کے حوالے سے چیلنج ہے بلکہ عالمی ماحولیاتی ایونٹس سے قبل برازیل کی شبیہ پر بھی سوالیہ نشان اٹھا سکتا ہے۔

64 people

killed in police

crackdown ahead