Aaj News

کراچی میں گاڑی کسی اور کے نام ہو تو ای چالان کسے ملے گا؟

تین ماہ تک اگر چلان جمع نہیں کروایا گیا تو ڈرائیونگ لائیسنس منسوخ کر دیا جائے گا، ٹریفک پولیس
اپ ڈیٹ 28 اکتوبر 2025 07:45pm

کراچی میں ای چالان سسٹم کے باضابطہ آغاز کے بعد شہریوں میں یہ سوال اٹھنے لگا ہے کہ اگر گاڑی کسی اور کے نام پر ہو تو چالان کس کے نام پر جاری ہوگا؟ اس کا واضح جواب وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے دے دیا ہے۔

کراچی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر منگل سے ”ای چالان“ سسٹم کے نفاذ کے چند گھنٹوں کے دوران شہریوں پر سوا کروڑ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے۔ ٹریفک پولیس کی جاری کردہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق، مجموعی طور پر 2 ہزار 662 چالان جاری کیے گئے۔

ای چالان ایسے کئی صارفین کو بھی موصول ہوا ہے جو گاڑی کی ملکیت تو رکھتے ہیں لیکن گاڑی ان کے نام پر نہیں۔ صوبائی وزیرِ داخلہ ضیا الحسن لنجار کا ایسے چالان سے متعلق کہنا ہے کہ اگر گاڑی فروخت ہونے کے باوجود اس کی اونر شپ تبدیل نہیں کی گئی تو ای چالان اسی شخص کے نام پر جائے گا جس کے نام پر گاڑی رجسٹرڈ ہے۔

کراچی میں ’ای چالان‘ کا آغاز، صرف 6 گھنٹوں میں شہریوں کو سوا کروڑ روپے کے چالان کر دیے

صوبائی وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار نے اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو ’باخبر سویرا‘ میں گفتگو کرتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ شہریوں کے لیے اپیل کا حق بھی رکھا گیا ہے اور 11 مراکز قائم کیے گئے ہیں جہاں ایس ایس پی اور دو ڈی ایس پی شہریوں کی درخواستوں کا جائزہ لیں گے۔

’سڑکیں ٹوٹی پھوٹی، چالان یورپ والے‘: کراچی میں ای چالان پر عوام کا ردعمل

ٹریفک پولیس کے مطابق، ای ٹکٹنگ نظام کے تحت تمام چالان براہِ راست شہریوں کے موبائل نمبروں پر ارسال کیے جائیں گے۔ چالان 14 دن میں ادا کرنے پر 50 فیصد رعایت دی جائے گی، 21 دن بعد مکمل چالان جمع کروانا ہوگا اور تاخیر پر اضافی چارجز لاگو ہوں گے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تین ماہ تک چالان جمع نہ کروانے پر ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کر دیا جائے گا، اور اگر چھ ماہ تک ادائیگی نہ کی گئی تو شہری کا شناختی کارڈ بھی بلاک کر دیا جائے گا۔

Interior Minister

Sindh Police

safe city project

traffic rules

Karachi E Challan

Zia Hasan Lanjar

Traffic Fines